برطانوی انتخابات میں مسئلہ کشمیر مسلمہ ایشو بنا رہا ہے بیرسٹر سلطان

بدھ 13 مئی 2015 16:34

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی انتخابات میں مسئلہ کشمیرایک مسلمہ ایشو بنا رہا جس سے نہ صرف مسئلہ کشمیر برطانوی سیاست اور حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونے لگا ہے بلکہ بہتر انداز میں اسے انٹرنیشنل فورم پر اٹھانے میں مدد ملی ہے۔

اسی طرح میں نے اقوام متحدہ اور امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر اہم فورمز پر بھی مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔کیونکہ اس سے پہلے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوان عالمی برادری کی بے حسی سے مایوس ہو کر بندوق اٹھانے پر مجبور ہو جائیں ۔لہذابھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے زور دیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انکے ہمراہ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، چوہدری ماجد اسماعیل، چوہدری فاروق ایڈووکیٹ ساؤتھ ہمپٹن، چوہدری حکمداد، چوہدری دلپذیر، شوکت فریدپیٹر برا، عنصر ابدالی کھوئی رٹہ، فیض حمید فیضی، حاجی رزاق برمنگھم اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر چوہدری سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کشمیریوں کے واحد لیڈر ہیں جو شروع دن سے ہی مسئلہ کشمیر کو اٹھا رہے ہیں اور میری انکی دوستی بھی انکے وزیر اعظم بننے اور میرے گورنر بننے سے پہلے کی ہے اور اب ہم پی ٹی آئی میں بھی اکھٹے ملکر عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔

انشا ء اللہ ہم نیا آزاد کشمیر اور نیا پاکستان بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ میں نے جب گورنر شپ سے استعفی دیا تو میں نے کہا کہ میں اصولوں پر سمجھوتا نہیں کر سکتا اور میں نے کہا تھا کہ لینڈ معافیا کے لوگ گورنر سے زیادہ با اختیار ہیں۔ اسلئے میں نے نظام میں تبدیلی کے لئے استعفی دیا اور پی ٹی آئی میں عمران خان کے شانہ بہ شانہ جدوجہد کا فیصلہ کیا تاکہ اس فرسودہ نظام سے چھٹکارہ حاصل کرکے نیا نظام لایا جا سکے۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں جلد انتخابات کی خواہاں ہے کیونکہ اگرآزاد کشمیر میں اقتدار موجودہ کرپٹ ٹولے کے پاس رہا تو یہ ٹولہ اپنی لوٹ مار سے سب کچھ لوٹ کر لے جائے گا ۔جس طرح سے ان لوگوں نے پہلے ہی اداروں کو تبادہ کر کے رکھ دیا ہے۔اس موقع پر چوہدری فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم انکی ہر کال پر انکے شانہ بہ شانہ ہیں۔