گندم کی خریداری مہم کو شفاف اورمنظم رکھنے کے لئے تمام تر انتظامی مشینری متحرک رہے گی ‘ سید ہارون سلطان بخاری

گندم خریداری مہم کے دوران حکومت پنجاب کی پالیسی اور گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایا جائے ‘ صوبائی وزیر کا اجلاس سے خطاب

بدھ 13 مئی 2015 19:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء ) صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون سلطان بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر گندم کی خریداری مہم کو شفاف اورمنظم رکھنے کے لئے تمام تر انتظامی مشینری متحرک رہے گی تاکہ گندم کے کاشتکاروں کے لئے ہرممکن سہولیات کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ مانیٹرنگ سسٹم کوفعال رکھے تاکہ گندم خریداری مہم بے ضابطگیوں اور شکایات سے پاک ہو۔یہ بات گندم خریداری مہم کا جائزہ لینے سے متعلق ڈی سی او آفس منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران حکومت پنجاب کی پالیسی اور گائیڈ لائن پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایا جائے تاکہ کسی جگہ بے قاعدگی کا احتمال نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے اورحقیقی کاشتکاروں کو باردانہ کے حصول وگندم کی فروخت کے سلسلے میں کسی قسم کی دقت پیش نہیں آنی چاہیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر پہلے آؤ پہلے پاؤ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے جبکہ کاشتکاروں کو کم وزن سمیت دیگر شکایات کا فوری ازالہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خریداری سنٹرز پر ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے کہ ٹرالیوں کی لمبی قطاریں نہ لگیں اور کسی قسم کی سفارش یا اثرورسوخ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے،کاشتکار شکایات کی صورت میں ٹال فری نمبر پررابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے اختتام تک تمام تر انتظامات فعال رہنے چاہیں اس سلسلے میں صوبائی وزراء سمیت محکمہ خوراک کے افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ کے لئے شکایات سیل فعال رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :