دومیشی پل کی ناقص تعمیر‘ وزیر خزانہ لطیف اکبر نے سخت نوٹس لے لیا

جمعہ 15 مئی 2015 16:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء)آزادکشمیر کے وزیر خزانہ منصوبہ بندی اور ترقیات چوہدر ی لطیف اکبر نے دومیشی پل کی تعمیر اور ناقص میٹرل کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے از خود موقع پر پہنچ گئے ،انہوں نے پل کے دونوں اطراف ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور جگہ کے بیٹھنے کی صورت حال کو دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور محکمہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اور عوامی خزانے کو ضائع نہ کیا جائے ،سب سے پہلے انجینئرز اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے پل کی بنیادیں ٹھیک کریں ،ناکارہ بنیادوں پر پل کی تعمیر دوبارہ بڑے سانحے کو رونما کر سکتی ہے ،اس سے پہلے بھی 5قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں ،اب مزید کسی سانحے کے متحمل نہیں ہو سکتے ،انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے آفیسران کو معیار کا دھیان رکھنا چاہیے ،ملوث اہلکاران کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا ،اگر اس پل کو نئے سرے سے تعمیر کرنا ضروری ہے تو لاکھوں انسانوں کی بقاء کے لیے مکمل اور نیا پل تعمیر کیا جا سکتا ہے ،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کو غیوران دومیشی نے ہمیشہ عزت و تکریم سے نوازا ہے دومیشی پیپلز پارٹی آزادکشمیر کا قلعہ ہے جس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے