ہماری کوششوں سے انٹرنیشنل کمیونٹی اب مسئلہ کشمیر بہتر انداز میں سمجھنے لگی ہے ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعہ 15 مئی 2015 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری کوششوں سے اب انٹرنیشنل کمیونٹی مسئلہ کشمیر بہتر انداز میں سمجھنے لگی ہے کیونکہ یہ بڑا خطرناک اور سنگین نوعیت کا مسئلہ ہے جس سے خطے میں ایک بڑی جنگ کا خطرہ موجود ہے۔ لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔

میں کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت دلانے اور مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارت افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر دنیا کے سامنے بھارت کاا صل چہرہ بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا اور ہماری جدوجہد مقبوضہ کشمیرکی آزادی تک جاری رہے گی ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج لندن سے اسلام آباد واپسی پر یہاں اپنی رہائشگاہ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں برطانیہ میں اپنے دورے کے دوران ایسے امیدواروں کی انتخابی مہم میں حمایت کی جومسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی انتخابات میں مسئلہ کشمیرایک مسلمہ ایشو بنا رہا جس سے نہ صرف مسئلہ کشمیر برطانوی سیاست اور حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونے لگا ہے بلکہ بہتر انداز میں اسے انٹرنیشنل فورم پر اٹھانے میں مدد ملی ہے۔

اسی طرح میں نے اقوام متحدہ میں بھی اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں کیں جن میں مجھے بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے اب یہ پاکستان اور بھارت پر منحصر ہے کہ وہ یہ ثالثی قبول کرتے ہیں کہ نہیں۔اسی طرح میں نے امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر اہم فورمز پر بھی مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔

کیونکہ اس سے پہلے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوان عالمی برادری کی بے حسی سے مایوس ہو کر بندوق اٹھانے پر مجبور ہو جائیں ۔لہذابھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے دباؤڈالا جائے۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں جلد انتخابات کی خواہاں ہے کیونکہ اگرآزاد کشمیر میں اقتدار موجودہ کرپٹ ٹولے کے پاس رہا تو یہ ٹولہ اپنی لوٹ مار سے سب کچھ لوٹ کر لے جائے گا ۔

جس طرح سے ان لوگوں نے پہلے ہی اداروں کو تبادہ کر کے رکھ دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ میں نے برطانیہ اور امریکہ میں عام جلسوں ، پی ٹی آئی کے وفود اور تقاریب ، تھنک ٹینکس، میڈیا اور دیگر مکتب فکرسے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس فیصلہ کن موڑ پر ہر پاکستانی و کشمیری کا فرض ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کرے۔ کیونکہ آج بھی بھارت یہ کہہ رہا ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے ۔

لیکن اصل حقیقت یہ ہے کہ بھارت اقلتیوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ لہذا عالمی سطح پر بھارت کے مکروہ چہرے کے بے نقاب کیا جائے اور انٹرنیشنل کمیونٹی پر زور دیا جائے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔