اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے کی تقدیر بدل جائیگی ، کراچی سے کاشغر تک ریلوے کا سفر ہماری ترقی کا نیا باب ثابت ہو گا،پاکستان سے ترکی تک ٹرین سروس چلائی جائیگی، اپنے دور حکومت میں ہی پی آئی اے کو خطے کی بہترین ایئرلائن بنائینگے، ، ریلوے کی بحالی کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے، سفری سہولتوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بتانا ہو گا،قبضہ گروپ سے ریلوے کی زمین واگزار کرانا سعد رفیق کی بہت بڑی کامیابی ہے

وزیراعظم نواز شریف کا اسلام آباد سے کراچی تک چلنے والی گرین ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 15 مئی 2015 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی ، کراچی سے کاشغر تک ریلوے کا سفر ہماری ترقی و خوشحالی کا نیا باب ثابت ہو گا،پاکستان سے ترکی تک ٹرین سروس چلائی جائے گی، اپنے اسی دور حکومت میں پی آئی اے کو بھی خطے کی بہترین ایئرلائن بنائیں گے، سعد رفیق کی دن رات کی محنت سے ریلوے کی مالی حالت سنبھلنا شروع ہو گئی تاہم ریلوے کی بحالی کیلئے ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے، سفری سہولتوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بتانا ہو گا، خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کو دو سال میں پٹڑی پر چڑھا دیا، وہ میرا انتخاب تھے اور میرا انتخاب درست ثابت ہوا،قبضہ گروپ سے ریلوے کی زمین واگزار کرانا سعد رفیق کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو اسلام آباد سے کراچی تک چلنے والی گرین ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے گرین ٹرین کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید سمیت دیگر وزراء بھی موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کی ترقی کا دارومدار اداروں کی ترقی پر ہوتا ہے، حکومت مختلف اداروں کے مجموعے کا نام ہے، اداروں کی کارکردگی حکومتی کارکردگی کا آئینہ ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز مالی طور پر خسارے کا شکار تھا، مسلم لیگ نے اپنے منشور میں اداروں کی مضبوطی کو اہمیت دی ہے، ریلوے ایک مدت سے زوال کا شکار چلا آ رہا تھا، ریلوے کی بحالی بہت بڑا چیلنج تھا، ریلوے کو کوئی پرجوش ، باہمت اور انتظامی صلاحیتوں کا حامل شخص ہی بحال کر سکتا تھا، میں نے ریلوے کو بحال کرنے کیلئے خواجہ سعد رفیق کا انتخاب کیا، سعد رفیق میرے انتخاب پر پورا اترے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سعد رفیق نے دو سال میں پاکستان ریلوے کو بحالی کی پٹڑی پر چڑھا دیا، سعد رفیق نے اپنے آپ کو اہل ثابت کیا اور بہترین لیڈر کے طور پر انہوں نے ریلوے کارکنوں میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا کیا، وزیرریلوے کی دن رات کی محنت سے ریلوے کی مالی حالت سنبھلنا شروع ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اخراجات میں کمی لا کر ریلوے کو مستحکم کیا جا رہا ہے، کوئلے کے کارخانوں کو ریلوے کے ذریعے کوئلہ فراہم کیا جائے گا، پاکستان ریلوے نے 10ارب مالیت کا3ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ واگزار کرایا،وزارتوں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں ریلوے کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا گیا، تاہم ریلوے کی بحالی کیلئے ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے، سفری سہولتوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بتانا ہو گا، پاکستان میں تیز رفتار معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری ایک انقلابی منصوبہ ہے، اقتصادی راہداری منصوبے سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی ، کراچی سے کاشغر تک ریلوے کا سفر ہماری ترقی و خوشحالی کا نیا باب ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین لائن کے افتتاح پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یقین ہے ریلوے کے ساتھ ساتھ پی آئی اے بھی فعال ادارہ بنے گا۔