این اے 122مبینہ دھاندلی کیس ‘ چیئرمین اور ڈی جی نادرا ویئر ہاؤس نے نادرا رپورٹ پراپنا بیان جمع کر ادیا

پی ٹی آئی کے وکیل کی پی پی 147کی فرانزک رپورٹ طلب کرنے کی استدعا منظور ،مزید سماعت 25مئی تک ملتوی نو بال پر نو بال کر ائی جارہی ہے ،کیا اب بھی کسی امپائر کے اشارے کا انتظار ہے ، کیا کوئی وحی یا خواب آنا ہے، علی ایاز صادق

ہفتہ 16 مئی 2015 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء ) این اے 122مبینہ دھاندلی کیس میں چیئرمین نادرا اور ڈی جی نادرا ویئر ہاؤس نے پیش ہو کر نادرا رپورٹ کے حوالے سے اپنا بیان جمع کر ادیا ،الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی کے وکیل کی ذیلی حلقہ پی پی 147کی فرانزک رپورٹ طلب کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید سماعت 25مئی تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز این اے 122مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس (ر) کاظم ملک نے کی ۔

چیئرمین نادرا عثمان مبین اور ڈی جی نادرا ویئر ہاؤس مظفر علی نے الیکشن ٹربیونل میں پیش ہو کر نادرا رپورٹ کے حوالے سے اپنا بیان جمع کرا دیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ این اے 122کی رپورٹ ذمہ داری اور غیرجانبداری سے تیار کی گئی۔ چیئرمین نادرا پر جرح کے دوران عمران خان کے وکیل نے کہا کہ این اے 122کی رپورٹ آگئی ہے،پی پی 147کی فرانزک رپورٹ بھی آنی چاہیے ،دونوں حلقوں کی اکٹھی رپورٹ پر جرح کریں گے۔

(جاری ہے)

ٹربیونل جج نے عمران خان کے وکیل کی استدعا منظور کرلی ۔چیئرمین نادرا نے بتایا کہ پی پی 147کی رپورٹ 25مئی کو جمع کرا دی جائے گی جس پر ٹربیونل نے سماعت 25مئی تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو جرح کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ۔سماعت کے بعد این اے 122سے کامیاب امیدوار اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیٹے علی ایاز صادق نے وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جان بوجھ کر تاخیر ی حربے استعمال کئے جارہے ہیں ، سمجھ نہیں آتی کیوں بار بار وقت مانگا جارہا ہے اور ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے جس سے ہماری اور ملک کی زندگیا ں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نادرا کی رپورٹ آ گئی ہے اب تھیلوں میں سے کون سا جن نکلنا ہے یا انکشاف ہونا ہے جس کا انتظار ہے ۔ میڈیا والے خان صاحب سے ضرور پوچھیں نادرا کے دفتر کے باہر جو پیپرز لہرائے گئے تھے اب وہ کہاں گئے ۔ بار بار سماعت پر کیا اخراجات نہیں آتے ، اب ٹیکس پیئر کا پیسہ ضائع نہیں ہو رہا ۔ عمران خان قوم کو گمراہ کر رہے ہیں اس کا جواب کون دے گا ۔

یہ جو نوبال پرنوبال کرا رہے ہیں،یہ کیا چاہ رہے ہیں،کیا اب بھی کسی امپائر کے اشارے کا انتظار ہے ، کیا کوئی وحی یا خواب آنا ہے جس سے کوئی نیا انکشاف ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ضمیر صاف ہے اور اب تک جو بھی پریکٹسز ہوئی ہیں اس میں اﷲ تعالیٰ دکھا رہا ہے کہ کون سچا اور کون جھوٹا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نادرا سامنے تھے لیکن پی ٹی آئی کے وکلاء نے جرح نہیں کی ۔

سردار ایاز صادق کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء چیئرمین نادراور او رانکی رپورٹ پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں ،ہم نے پی ٹی آئی کے وکلاء کو یہ بھی تجویز دی کہ اگر آپ کو رپورٹ پر اعتماد نہیں تو اسے رد کر دیں لیکن وہ اسے بھی ماننے کو تیار نہیں ۔ پی ٹی آئی کے وکلاء جرح کریں گے تورپورٹ کی اصل عکاسی سامنے آ جائے گی لیکن وہ اس کے لئے تیار ہی نہیں اور تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا حکام نے سیاہی کی تصدیق کی مدت کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ہے ، نادرا کے پاس شناختی کارڈز کا ریکارڈ موجود ہے اور اس سے حقائق سامنے آ جائیں گے لیکن پی ٹی آئی کی طرف سے بار بار تاریخ مانگی جارہی ہے اس سے پی ٹی آئی والوں کے لئے ہی مسائل بڑھیں گے۔عمران خان کے ترجمان شعیب صدیقی نے پی ٹی آئی کے وکیل انیس قریشی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹربیونل سے پی پی 147کی فرانزک رپورٹ بھی طلب کرنے کی استدعا کی تھی جسے منظور کر لیا گیا ، ذیلی حلقے کی رپورٹ موصول ہونے کے بعدنادراکی رپورٹ پربات کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں منصوبے کے تحت دھاندلی ہوئی،یہ بے ضابطگیاں نہیں ۔نادرا کے منع کرنے کے باجودالیکشن کمیشن نے وہی سیاہی استعمال کی ،ڈی جی نادرا نے کہاہے کہ سیاہی ناقص استعمال کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی 147کا فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق نکلے گا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سردارایاز صادق کے وکیل نے نادراکی رپورٹ میں سنگین غلطیاں تلاش کر لی ہیں ۔ن شناخی کارڈزکوغلط کہاگیاتھاان میں سے چند اصل کارڈعدالت میں پیش کردئیے گئے۔6123ووٹوں میں لکھائی کے دوران غلطی ہوئی۔ٹریبونل کی سماعت میں چیئرمین نادرانے شناختی کارڈاصل ہونے کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ انہیں جعلی ووٹ کہنا غلط ہوگا۔