اقوام متحدہ نے کشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمدمیں دہرا معیار اپنا یا ہے، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

پیر 18 مئی 2015 18:44

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے اوراس مسئلے کی وجہ سے برصغیر کے کروڑوں عوام بالعموم اور کشمیری عوام بالخصوص متاثر ہورہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع شوپیان میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبد الحمید فیاض نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے کسی بھی ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے باعث مقبوضہ علاقے میں ذہنی امراض میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے۔ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اگر چہ اقوام متحدہ نے قراردادیں منظور کررکھی ہیں لیکن ان قراردادوں پر عملدرآمدمیں ادارے نے ہمیشہ غفلت اور دہرے معیار کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت کے رہنما نے کہا کہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں مسئلہ عیسائیوں کا تھا تو ریفرنڈم کرانے میں دیر نہیں لگائی گئی جبکہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین مسلمانوں کے مسئلے ہیں اس لیے یہ دونوں مسائل دہائیوں سے لٹکتے چلے آرہے ہیں۔

ڈاکٹرعبدالحمید فیاض نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں منظم انداز سے منشیات، بے حیائی اور فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں کئی طاقتیں اور ایجنسیاں متحرک ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان طاقتوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہوشیار رہیں۔