آزادی کی جدوجہد میں استقامت و استقلال سے ڈٹ جانے کی ضرورت ہے، سید علی گیلانی

پیر 18 مئی 2015 18:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نیکہاہے کہ بھارت کے فوجی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کیلئے تحریک آزادی کی جدوجہد میں استقامت و استقلال سے ڈٹ جانے کی ضرورت ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں اپنی خود نوشت” وولر کنارے“ اور عبدالحلیم کی تحریر کردہ ’پیراڈائز آن فائر‘ کی رسم رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہاکہ” ولر کنارے“ میں انہوں نے ان حقائق کا خلاصہ بیان کیا ہے جن کے وہ خود گواہ ہیں یا ان تک کسی معتبر ذرائع سے پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا بنیادی مقصد بھارت کے فوجی قبضے سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے اور اس کیلئے قوم کو عزم و استقلال سے آگے بڑھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بزرگ رہنما نے کہاکہ جموں وکشمیر میں آر ایس ایس کا ایجنڈا نافذ کیا جاہا ہے اور اسے مفتی سعید ،عمر عبداللہ یا فارو ق عبداللہ غرض ہر بھارت نواز سیاست دان کے ہاتھوں عملایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نواز سیاستدان ہمیشہ کشمیری عوام کے جذبات کا استحصال کرتے رہے ہیں اور انہیں جموں وکشمیر کے متنازعہ خطے پر بھارت کے فوجی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے تعینات کیا جاتاہے لیکن عوام کو ان کے فریب میں نہ آکر حق خود ارادیت کی جدو جہد میں یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

سید علی گیلانی نے کہاکہ پنڈتوں کی واپسی کے حوالے سے بھارتی میڈیا کشمیری عوام کے خلاف مکروہ پروپیگنڈا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی رشتے کے ناطے ہر مذہب سے تعلق رکھنے والا فرد ہمارا انسانی بھائی ہے اور ہم ان کے ساتھ حسن سلوک کرنے کے پابندہیں لیکن آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرکے پنڈتوں کے لیے الگ کالونیاں بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔بزرگ رہنمانے کہاکہ بھارت کے ساتھ ہمارا مستقبل تاریک ہے اور اسکے خلاف جدوجہد انتہائی ضروری ہے۔