Live Updates

مخالف سیاسی پارٹیاں خواہ مخواہ دھاندلی کا شور نہ مچائیں ، دھاندلی کے ،عوام دھوکے اور فریب کی سیاست سے اکتا چکے ہیں ، تحریک انصاف کی حمایت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے

خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن اور پارلیمانی سیکرٹری زاہد درانی کا بیان

پیر 18 مئی 2015 20:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء ) خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن اور پارلیمانی سیکرٹری زاہد درانی نے کہا ہے کہ مخالف سیاسی پارٹیاں خواہ مخواہ دھاندلی کا شور نہ مچائیں کیونکہ دھاندلی کے سب سے زیادہ خلاف ہماری جماعت ہے عوام دھوکے اور فریب کی سیاست سے اکتا چکے ہیں اسلئے نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کی حمایت اور سپورٹ میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے بلکہ عام لوگ بھی جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہو کرعمران خان پر اپنے اعتمادکا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہاکہ اگلے بلدیاتی انتخابات میں اپنی واضح شکست دیکھ کر مخالفین کے اوسان خطا ہو چکے ہیں بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں اگر انہیں ٹرانسفارمر اور گیس لائنز پر ہی سیاست کرنی ہے تو یہ مسئلے تو خود ان کی حکومتوں کی میراث رہے ہیں اگر ہمارے مخالفین اپنے دور حکومت میں کچھ کام کرلیتے تو آج عوام کو ان مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اپنے ادوار حکومت میں عوامی مسائل کو حل نہ کرنے والے آج پھر بہروپ بدل کردھوکے سے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن اب عوام بیدار ہو چکے ہیں اور وہ بھی جان چکے ہیں کہ عمران خان ہی ملک بھر میں حقیقی طور پر مثبت تبدیلیاں اور ایسا نظام لا سکتے ہیں جس میں کرپشن سے پاک ماحول میں ایک صاف و شفاف طریقہ کار کے تحت مقامی طور پر عوام کے مسائل حل ہوں گے اور لوگوں کوکسی ایم این اے یا ایم پی اے کے پیچھے بھاگنا نہیں پڑے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات