سینیٹ ، خیبرپختونخوا میں انڈسٹریل و کمرشل گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کی قرار داد منظور، چاروں صوبوں میں نئے گیس کنکشن اس وقت دیں گے جب گیس دستیاب ہو گی ، وفاقی وزیر پٹرولیم ، آئین کے آرٹیکل 158کے تحت گیس کی دستیابی کا مسئلہ صرف پنجاب کے ساتھ وابستہ ہے،سینیٹ میں سینیٹرمحسن عزیز اور سعید غنی کاقرارداد پیش کرتے ہوئے اظہار خیال

پیر 18 مئی 2015 22:16

سینیٹ ، خیبرپختونخوا میں انڈسٹریل و کمرشل گیس کنکشن پر عائد پابندی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مئی۔2015ء) سینیٹ نے صوبہ خیبرپختونخوا میں انڈسٹریل و کمرشل کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کی قرار داد منظور کرلی، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چاروں صوبوں میں نئے انڈسٹریل و کمرشل گیس کے کنکشن اس وقت دیں گے جب گیس دستیاب ہو گی، سینیٹرز محسن عزیز اور سعید غنی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158کے تحت گیس کی دستیابی کا مسئلہ صرف پنجاب کے ساتھ وابستہ ہے، قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔

پیر کے روز سینیٹ کے اجلاس میں تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے قرار داد پیش کی کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں نئے انڈسٹریل و کمرشل گیس کنکشن کے اجراء اور پرانے کنکشنوں کی توسیع پر عائد پابندی کا آئین کے آرٹیکل 158کے تحت خاتمہ کیا جائے، جس کی حکومت کی جانب سے کوئی مخالفت نہیں کی گئی، تاہم پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے مذکورہ قرار داد میں ترمیم پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس میں صوبہ سندھ اور بلوچستان کو بھی شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

جس پر وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نئے گیس کنکشن اس وقت دیں گے جب ملک میں وافر گیس دستایب ہو گی۔ سینیٹر سعید غنی نے اس کے جواب میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت جس صوبے سے گیس نکل رہی ہو سب سے پہلا حق اسی صوبے کا ہے لہٰذا خیبرپختونخوا، سندھ و بلوچستان میں ضرورت سے زیادہ گیس نکلتی ہے جبکہ دستیابی کا مسئلہ صرف پنجاب کے ساتھ ہے۔

قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پنجبا کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے ، ایسی قرار داد نہ لائیں جس سے پنجاب کو رگڑا لگنے کا احتمال ہو، جس پر سینیٹر سعید غنی نے اپنی ترمیم واپس لے لی اور ایوان نے سینیٹر محسن عزیز کی خیبرپختونخوا میں نئے انڈسٹریل و کمرشل گیس کنکشن پر پابندی ختم کرنے کی قرار داد منظور کر لی۔