اسرائیلی جیلوں میں قید 16 پاکستانیوں کی رہائی کے لئے اقوام متحدہ، امریکا اور اردن سے رابطہ کیا گیا ہے،اسرائیلی بحریہ نے ان کو ڈوبتے بحری جہاز سے بچایا تھا

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز کا ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب

منگل 19 مئی 2015 13:18

اسرائیلی جیلوں میں قید 16 پاکستانیوں کی رہائی کے لئے اقوام متحدہ، امریکا ..

اسلام آباد ۔ 19 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مئی۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید 16 پاکستانیوں کی رہائی کے لئے اقوام متحدہ، امریکہ اور اردن سے رابطہ کیا گیا ہے، اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے اس سے براہ راست رابطہ نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر شاہی سید کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں مشیر خارجہ نے کہا کہ سمندر میں ایک بحری جہاز ڈوبنے کے بعد اب اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ 16 پاکستانی قیدیوں کو اسرائیلی بحریہ نے بچا لیا تھا اور وہ اس وقت اسرائیل کی جیلوں میں قید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ انسانی معاملہ ہے، اسرائیل کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں اس لئے اس سے براہ راست معلومات حاصل نہیں کی جا سکتیں تاہم ہم نے امریکی اور اردن کے حکام کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل سے بھی اس معاملے پر بات کی ہے کہ وہ ان پاکستانیوں کی رہائی کے لئے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس سلسلے میں جلد پیش رفت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :