جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کی طرف سے شہید کشمیری رہنماؤں کو شاندار خراج عقیدت

منگل 19 مئی 2015 14:58

سرینگر ۔ 19 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مئی۔2015ء) جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے سرینگر میں شہید کشمیری رہنماؤں میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کے یوم شہادت کے سلسلے میں ایک تقریب میں ان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پیپلز مومنٹ کے چےئرمین میر شاہد سلیم جنہوں نے تقریب کی صدارت کی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ،جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہید میر واعظ مولوی محمد فاروق،خواجہ عبدالغنی لون اور سرزمین کشمیر کے ہزاروں بیٹوں اوربیٹیوں نے جدوجہد آزادی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔انہوں نے کہا بھارت نے کشمیریوں کو دبانے کے لیے ہرقسم کا ظالمانہ ہتھکنڈہ استعمال کیا ہے لیکن وہ جدوجہد آزادی کو ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے اور کشمیریوں کو اپنے بنیادی حق ، حق خود ارادیت کے حصول سے کوئی نہیں روک سکتا۔

(جاری ہے)

مقررین نے بھارت کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے جرات مندانہ اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے ہر قسم کا ظالمانہ حربہ استعمال کررہی ہے جبکہ حریت رہنماؤں کو پرامن سیاسی سرگرمیوں سے بھی روکا جارہا ہے۔ انہوں نے حریت رہنماؤں کی نقل و حرکت پر پابندیوں کی مذمت کی۔مقررین نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی گھرمیں مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کی جنہیں گزشتہ کئی سالوں سے نماز جمعہ اداکرنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ تقریب میں پارٹی رہنماؤ ں اور کارکنوں کے علاوہ متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :