بھارت کشمیری عوام اور حریت پسندوں کیخلاف آج بھی گھناؤنی سازشیں کررہا ہے،میر واعظ

منگل 19 مئی 2015 14:59

سرینگر ۔ 19 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری عوام اور حریت پسند قیادت کیخلاف آج بھی اندرونی اور بیرونی محاذ پر گھناؤنی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسکے لئے بھارت اور اسکی ایجنسیاں سرگرم عمل ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہفتہ شہادت کے سلسلے میں سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے شہیدکشمیری رہنماؤں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون، شہدائے حول اور دیگر شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انکے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی اور اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کے حصول کی خاطر اور شہداء کے ساتھ اپنی عقیدت و محبت کے اظہار کیلئے21مئی کو مکمل ہڑتال کریں اور مزار شہداء عیدگارہ سرینگر میں جلسے کو ہر قیمت پر کامیاب بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہید کشمیری رہنما میرواعظ مولوی محمد فاروق کو ان کی دینی، سماجی ، تعلیمی اور سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنما کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ کشمیریوں کی نوجوان نسل جہاں جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرے وہیں اخلا ق و سیرت کے اعلیٰ مدارج سے بھی آراستہ ہوں۔

حریت چےئرمین نے کہا کہ شہید رہنما چاہتے تھے کہ کشمیری اپنی مادری زبان کی طرف توجہ دیں اور اس زبان کو اپنے تحریر و تقریر کا ذریعہ بنائیں کیونکہ زبان کی ترویج و اشاعت قومی شناخت میں ایک کلیدی کردار کی حامل ہے۔اس موقع پر مجلہ" نصرة الاسلام" کا شہید ملت نمبر2015کا اجرا بھی عمل میں لایا گیا جس میں شہید رہنما کی زندگی اور کارناموں پر محیط نامور قلمکاروں کے مضامین اور مقالات شامل ہیں۔

دریں اثناء میرواعظ عمر فاروق نے ہفتہ شہادت کی تقریبات کے سلسلے میں رعناواری میں بھی ایک سمینار میں شرکت کی۔ حریت چیئرمین نے خانیار میں دستگیر صاحب کے احاطے میں مزار شہداء پر حاضری دی اور بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ میرواعظ نے مزار شہداء نقشبند صاحب جاکر13جولائی1931 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور تحریک آزادی کے ان اولین شہیدوں کے لیے فاتحہ پڑھی ۔ ہفتہ شہادت کے سلسلے میں اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول راجوری کدل میں بھی میر واعظ عمر فاروق کی صدارت میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں معروف علمائے کرام ،دانشوروں، صحافیوں، پروفیسرز اور اسکالرز نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :