شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر 6265 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر صحت

بدھ 20 مئی 2015 20:07

کراچی ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ سول ہسپتال کراچی میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایکسیڈنٹ، ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر 6265 ملین روپے سے زائد رقم سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ جون 2015ء سے باقاعدہ فعال ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ 2009ء میں شروع کیا گیا تھا ابتدائی طور پر ٹراما سینٹر کی عمارت 12 منزلہ تھی تاہم کراچی جیسے میگا سٹی کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے اس کو 15 منزلہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ یہ ایکسڈنٹ، ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر 500 بستروں پر مشتمل ہے اور اس کا رقبہ 5 لاکھ 40 ہزار اسکوائر فٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس مرکز میں 18 آپریشن تھیٹرز ہیں جبکہ پارکنگ کے لئے چار فلور مختص کئے گئے ہیں۔

پارکنگ ایریا میں 308 کاریں اور 274 سے زائد موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ٹریفک جام سے بچنے کے لئے ٹراما سینٹر کی چھت پر ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے تاکہ شدید زخمیوں کی جان کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے اور صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :