’اعتبار‘پروگرام خیبر پختونخواکے تحفظ و انصاف کے شعبے میں خدمات کی فراہمی کیلئے اصلاحات کاآغاز

بدھ 20 مئی 2015 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء)ڈائریکٹوریٹ آف ریکلیمیشن اینڈ پروبیشن نے اپنی اولین سالانہ رپورٹ جاری کرنے کے لئے ’’اعتبار‘‘کے ساتھ مل کرایک تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ رپورٹ مالی سال جولائی2013تا جون2014کے دوران ڈائریکٹوریٹ کے نمایاں کاموں اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالتی ہے۔ رپورٹ کا اجراء خیبر پختونخوا اور محکمہ قبائلی امور کی ان کاوشوں کا حصہ ہے جو مختلف محکموں کی استعداد اور جوابدہی کو مستحکم بنانے کے لئے کی جا رہی ہیں۔

پیرول اور پروبیشن کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت سے خیبر پختونخوا حکومت کی آگہی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ان خدمات کا مقصدنہ صرف جیلوں کا اضافی بوجھ گھٹانا بلکہ جیلوں میں زیادہ ضروری مسائل سے نمٹنے کے لئے وسائل کو آزادکرنا بھی ہے۔

(جاری ہے)

پروبیشن اور پیرول کی بدولت مجرموں کو اپنی کمیونٹی میں واپس جانے اور خود کو دوبارہ مفید شہری بنانے کا موقع ملتا ہے تاکہ وہ پھر سے معاشرے کا جزو بن سکیں۔

پروبیشن یا عارضی رہائی ایسے مجرم کو دی جاتی ہے جو عدالت سے کسی غیر سنگین جرم میں سزا یافتہ ہو جبکہ پیرول حکومت کی جانب سے ایسے قیدی کو دی جاتی ہے جس نے قواعد کے مطابق اپنی کچھ سزاکاٹ لی ہو اورقیدکے دوران اس کا طرزعمل اچھا رہا ہو۔ یہ ڈائریکٹوریٹ خیبر پختونخواکے 25میں سے19اضلاع میں سرگرم عمل ہے۔اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں سیکرٹری ڈائریکٹوریٹ آف ریکلیمیشن اینڈپروبیشن محکمہ داخلہ،خیبر پختونخوا پولیس،پراسیکیوشن ڈائریکٹوریٹ، دوست فاؤنڈیشن اور اعتبارکے نمائندے شامل تھے۔

رپورٹ کے اخذ کردہ نتائج میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ریکلیمیشن اینڈ پروبیشن نے2013-14میں 1948افرادکوپروبیشن اور پیرول پر بھجوانے کا اہتمام کیا۔ ڈائریکٹوریٹ بلا خرچ بنیادوں پر کام کررہا اور قیدیوں پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی آنے کے باعث پروبیشن ٹیکس کی عوامی رقم بچاتا ہے ۔خیبر پختونخوا کی جیلوں میں قیدیوں کی کل تعداد2878جبکہ پروبیشن حاصل کرنے والوں کی کل تعداد1982تھی۔

اس پروبیشن کی بدولت جیلوں میں بند قیدیوں کی تعداد میں 40فیصد کمی آئی۔پروبیشن حاصل کرنے والوں میں سے98فیصد مرد تھے،54فیصد ان پڑھ جبکہ88فیصد دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ گزشتہ برس شکایاتی سیل بھرپور طریقے سے فعال تھا اور ایک ون لا ئن مخصوص کی گئی تھی۔گزشتہ مالی سال کے دوران ڈائریکٹوریٹ کے خلاف کوئی شکایت موصول نہ ہوئی۔’’اعتبار‘‘ یوکے حکومت کے محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی کی مالی امداد سے چلنے والا چار سالہ پروگرام ہے جو خیبر پختونخوا حکومت کے اشتراک سے لاگوکیا گیا۔

اس کا مقصد تحفظ و انصاف کے شعبے میں شہریوں اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مستحکم بنانا ہے۔یہ پروگرام خیبر پختونخواکے تحفظ و انصاف کے شعبے میں خدمات کی فراہمی کا معیار بہتر بنانیکی خاطر حکومت اور پالیسی سازوں کے ساتھ مل کراصلاحات کا آغازکررہا ہے۔ان پروگراموں کے اصلاحی ایجنڈا کا ایک نمایاں پہلو پروبیشن اور پیرول ضابطہ عمل میں اصلاحات تجویزکرنا ہے تاکہ غیر تحویلی(non custodian) اقدامات کوفروغ دیا جائے۔