ای سی سی کی دوران رمضان یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی پر 3سے 5روپے فی کلو گرام سبسڈی دینے اور خریف سیزن میں ڈیڑھ لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنیکی منظوری

300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین کیلئے سبسڈی برقرار رکھنے کا فیصلہ

جمعرات 21 مئی 2015 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے دوران رمضان یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی پر فی کلو گرام 3سے 5روپے سبسڈی دینے اور حکومت کی جانب سے خریف سیزن کے دوران ڈیڑھ لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو اور زرعی صارفین کیلئے سبسڈی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ، ماضی میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں زیادہ قیمت ادا کرنے والے صارفین کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا اس حساب سے فائدہ ملے گا اور وفاقی حکومت صوبوں میں متبادل توانائی کے منصوبوں کیلئے ساورن گارنٹی فراہم کرے گی۔

جمعرات کو وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا، جس میں وزارت صنعت و پیداوار کی سمری پر خریف سیزن کیلئے اضافی 50ہزار ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 23 اپریل 2015ء کو ای سی سی کے اجلاس میں پہلے ہی ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔

یوں حکومت اب طلب و رسد کے فرق کو کم از کم کرنے کیلئے خریف سیزن کیلئے ڈیڑھ لاکھ ٹن یوریا درآمد کرے گی۔ وزارت صنعت وپیداوار کی ایک اور سمری پر ای سی سی نے دوران نقصان یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی پر 3 سے 5 روپے فی کلو گرام سبسڈی دینے کی منظوری دے دی جس کیلئے سبسڈی کی کل رقم میں 10کروڑ روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ نیز وزارت پانی و بجلی کی سمری پر ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے سبسڈی برقرار رہے گی اور ایک خاص حد سے زائد بجلی کی قیمت انہیں ادا نہیں کرنا پڑے گی۔

اسی طرح زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے بھی سبسڈی کی سابقہ شرح برقرار رہے گی۔ البتہ ماضی میں جن صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی انہیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اسی حساب سے فائدہ دیا جائے گا۔ وزارت پانی و بجلی کی ایک سمری پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبوں میں تبادل توانائی کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گی اور غیر ملکی سر مایہ کاری لانے کیلئے صوبوں کو ساورن گارنٹی فراہم کرے گی

متعلقہ عنوان :