18 رکنی نرسنگ انسٹریکٹرز کا وفد چین روانہ، ایک ماہ کے تربیتی دورہ میں نرسز کلینیکل اور نرسنگ کے شعبہ میں چین کی ترقی کا جائزہ لیں گی

دورہ کے تمام اخراجات چائنہ کلچرل ہیرٹیج فاؤنڈیشن برداشت کرے گی‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور ڈی جی ہیلتھ نے نرسز کو رخصت کیا

جمعرات 21 مئی 2015 20:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت وعدہ کے مطابق نرسنگ شعبہ کی ترقی اور نرسز کی جدید خطوط پر ٹریننگ و کپسٹی بلڈنگ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،اس مقصد کیلئے نرسز کو بیرون ملک ٹریننگ پر بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے آفس میں 18رکنی نرسنگ انسٹرکٹرز کو چین کے ایک ماہ کے تربیتی کورس پر روانہ کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر زاہد پرویز نے بتایاکہ حکومت پنجاب اور چائنہ کلچرل ہیرٹیج فاؤنڈیشن کے درمیان کچھ عرصہ قبل ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے اور CCHFنے AID Programe کے تحت نرسز کو تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی جس کے تحت 18نرسنگ انسٹرکٹرز کا پہلا گروپ چین روانہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس ایک ماہ کے تربیتی دورے کے تمام اخراجات بشمول رہائش چائنہ کلچرل ہیرٹیج فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب سے جانے والی نرسز کو چین کے شہر تائی جن (Tiajin)میں تربیت فراہم کی جائے گی اور ان نرسز کو چین میں نرسنگ کے شعبہ میں ہونے والی ترقی ،کلینیکل مینجمنٹ اور بیماریوں کی روک تھام (Prevention)کے بارے اپنے نالج کو اپ ڈیٹ کرنے کا موقع ملے گا جس سے نرسنگ انسٹرکٹرز کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور واپس آکر یہ نرسز اپنی دیگر ساتھیوں اور جونیئر نرسز کو ٹریننگ دیں گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے تربیتی کورس پر جانے والی نرسز کو کہاکہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اوراپنے ایک ماہ کے دورے کے دوران زیادہ سے زیادہ وقت سیکھنے اور میڈیکل و نرسنگ کے شعبہ میں ہونے والی ترقی سے اپنے علم اور فنی مہارت کو مزید بہتربنائیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مزید نرسز اور پیرامیڈکس کو بھی تربیتی کورسز پر بھیجا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے ایک ماہ کے تربیتی کورس پر چین جانے والی نرسز کو کہاکہ وہ چین میں پاکستان کی سفیرکے طور پر جا رہی ہیں اور وہاں قیام کے دوران اپنے وطن کا نام روشن کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

متعلقہ عنوان :