وزیراعلیٰ سندھ نے2 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے ہدف کو پورا کرنے کیلئے 2.5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی

جمعرات 21 مئی 2015 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 200,000ٹن گندم کی خریداری کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے 2.5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں باردانے کی شفاف طریقے سے تقسیم چاہتا ہوں اور چھوٹے آبادگاروں کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیے۔ وہ جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ خوراک اور خزانہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے،صوبائی وزیرخوراک گیان چند ایسرانی کو دیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیرخوراک گیان چند ایسرانی ، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت اور محکمہ خوراک کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرخوراک گیان چند ایسرانی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 836,000ٹن گندم خرید کی جا چکی ہے، جبکہ باقی ماندہ خریداری جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 200,000ٹن گندم کی خریداری سے متعلق ان سے پوچھا جس کے متعلق انہوں نے سندھ اسمبلی کے فلور پر اعلان کیا تھا۔

اس پر صوبائی وزیرخوراک گیان چند ایسرانی نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید خریداری کے لیے ابھی تک فنڈز جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو مطلوبہ فنڈز محکمہ خوراک کو جاری کرنے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ محکمہ خوراک نے ان سے 3.5ارب روپے کا مطالبہ کیا ہے اور میں ایک ارب روپے آپ (وزیراعلیٰ سندھ) کی ہدایت پر جاری کر چکا ہوں اور مزید ایک ارب روپے کے فنڈز محکمہ خوراک کے پاس دستیاب ہیں اور باقی ماندہ 1.5ارب روپے جمعہ کے روز جاری کردیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر خوراک کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع جہاں پر کرپشن کی شکایات ہیں وہاں کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز (ڈی ایف سی) کو ہٹادیا جائے اور ان کے کیسز کو محکمہ اینٹی کرپشن کو بھیجے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلکل واضع ہے کہ میں کسی بھی قیمت پر کرپشن کو برداشت نہیں کرونگا۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ گھوٹکی ، شکارپور اور جیکب آباد سے شکایات ہیں کہ خریداری مناسب طریقے سے نہیں کی جارہی ہے۔

لہٰذہ صوبائی وزیر خوراک گیان چند کو چاہیے کہ وہ ان اضلاع پر ذاتی طور پر توجہ مرکوز کریں اور چھوٹے آبادگاروں کے مفادات کا خاص طور پر خیال رکھا جائے۔ صوبائی وزیرخوراک گیان چند ایسرانی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ 200,000 گنی بیگس محکمہ خوراک کے پاس دستیاب ہیں۔ ہم نے آج سے ان کی تقسیم شروع کردی ہے، اور باقی ماندہ باردانہ بھی جلد دستیاب ہوگا۔ گیان چند نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ گذشتہ سال کی 697895ٹن گندم محکمہ خوراک کے گوداموں میں موجود ہے، اور اب تک محکمہ نے 836337ٹن گندم خرید کی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اس وقت محکمہ خوراک کے گوداموں میں 1089913ٹن گندم موجود ہے، جبکہ 264000ٹن گند م کی خریداری ابھی باقی ہے۔

متعلقہ عنوان :