ٹیوٹا صوبہ بھر میں اپنے اداروں کیلئے 1000 سے زائد اساتذہ بھرتی کررہی ہے‘ عرفان قیصر شیخ

جمعہ 22 مئی 2015 16:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ( ٹیوٹا ) صوبہ بھر میں اپنے اداروں کیلئے 1000 سے زائد اساتذہ بھرتی کررہی ہے، نئی بھرتیاں ٹیوٹا اداروں کے گریڈ 14 سے 17کی خالی اسامیوں پر کی جا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا اداروں میں اساتذہ کی بھرتی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جنرل منیجرزحامد غنی انجم ،اظہر اقبال شاد ، ایم اعجاز حمید ، اخترعباس بھروانہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ نئی بھرتی کو صاف شفاف اور میرٹ کے مطابق یقینی بنانے کیلئے نیشنل ٹیسٹنگ سروس(این ٹی ایس )اسلام آباد کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان اسامیوں پر7546 امیداواروں نے ٹیسٹ پاس کر لیا ہے ۔

این ٹی ایس نے ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کی لسٹ اپنی ویب سائٹ پر آویزاں کر دی ہے۔انٹرویو زکے جلد انعقاد کیلئے ضلعی سطح پر سیلیکشن کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔متعلقہ ضلع کے ڈی سی او سیلیکشن کمیٹیوں کے سربراہ ہونگے۔ چیئر پرسن ٹیوٹا نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹیوٹا انسٹی ٹیوٹس میں تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی بھرتی کی اجازت دی ۔نئی بھرتی کے صاف اور شفاف طریقہ کار سے متحرک اور ذہین زنانہ و مردانہ افراد بھرتی ہونگے جس سے ٹیوٹا اداروں کے معیار میں بہتری آئے گی۔بھرتی کیلئے انٹرویو اور تقرر نامے کے مراحل کو اگلے ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائیگا۔