ایچ ای سی نے 75.5 ملین روپے مالیت 20 ریسرچ پراجیکٹس کی منظوری دے دی

جمعہ 22 مئی 2015 16:58

اسلام آباد ۔ 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) پاکستان میں ریسرچ کلچر کے فروغ کیلئے ایچ ای سی نے 20 ریسرچ پراجیکٹس کی منظوری دے دی جن کی مالیت 75.5 ملین روپے ہے۔ ایچ ای سی نے سوشل سائنسز میں موضوعی ریسرچ گرانٹ کے لئے ریسرچ کی تجاویز مانگی تھیں۔کل 129 ریسرچ تجاویز موصول ہوئیں جن میں 5 موضوعات پاکستان میں سیکورٹی چیلنجز، پاکستانی سوسائٹی: روایت اور تبدیلی، عالمی اور مقامی ضروریات میں توازن کا قیام: جیو پولیٹیکل معیشت، تعلیمی پالیسی، 21 ویں صدی کیلئے قیادت اور منیجمنٹ، گورننس اور ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔

متعلقہ یونیورسٹیوں / DAIs کو منظور شدہ گرانٹ مالی قوانین کی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد جاری کردی جائے گی۔ سوشل سائنسز موضوعی گرانٹ کا مقصد سوشل سائنسز میں ریسرچ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اگلے مالی سال کیلئے گرانٹ دوگنی کردی گئی ہے۔ایچ ای سی اس شعبہ میں باقاعدہ اور بامقصد ریسرچ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ سماجی سائنسدان ملک کے پیچیدہ سماجی مسائل پر تحقیق کریں اور ان مسائل کا حل پیش کریں جن سے معاشرہ پریشان ہے۔ ایچ ای سی اس ماہ کے اوائل میں پشاور یونیورسٹی کے تعاون کے ساتھ ”ریاست اور پاکستانی معاشرہ۔ مسائل اور مواقع“ کے عنوان سے سوشل سائنسز انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کر چکی ہے۔