تاجروں کی حمایت کے بغیر سستے بازار لگانا ممکن نہیں، رانا محمد ارشد

امسال گندم خریداری کے اہداف حاصل کرلئے جائیں گے،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات

ہفتہ 23 مئی 2015 19:30

کامونکے (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء )صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ایم پی اے رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر امسال حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں عوام کو آٹاکی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے ساڑھے3 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کررکھی ہے جس کے ثمرات سے معاشرے کے تمام افراد مستفید ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلا پر 130 روپے جبکہ عام مارکیٹوں میں 90 روپے فی تھیلا سبسڈی دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے خریداری گندم مراکز کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کامونکے بلال جوئیہ ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔انہوں نے گندم مراکز کے دورہ کے بعد مین بازار اور فروٹ مارکیٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں صارفین سے گھی‘ آئیل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں بارے استفسار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کررہی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں اور امسال گندم خریداری کے اہداف بہت جلد حاصل کرلئے جائیں گے۔بعد ازاں انہوں نے محکمہ فوڈ کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پراے سی محمد بلال فیروز جوئیہ اور الیکٹرونک میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے انہوں نے سستے بازاروں کے سلسلہ میں کہا کہ تاجروں کی حمایت کے بغیر سستے بازار لگانا ناممکن ہے انہوں نے مزید کہاکہ مختلف شہروں میں بہت جلد مثبت سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گااور عوام کو بہتر ریلیف دیا جائے گا۔