فورم سیّد علی گیلانی، شبیر شاہ، جماعت اسلامی و دیگر کا کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر اظہار تشویش

ہفتہ 23 مئی 2015 20:05

سرینگر ۔ 23مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ کشمیری حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے اس حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عسکریت کا مقابلہ سرکاری دہشت گردی سے کیا جائے گا اور خفیہ بھارتی ایجنسیوں کو ٹاگٹ کلنگ کا کام سونپا جائے گا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے لگتا ہے کہ مقبوضہ علاقہ میں دوبارہ سے سرکاری بندوق برداروں، اخوانیوں کو سرگرم کرانے کی سازش رچا لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے خطرناک عزائم واضح ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس خطرناک کھیل میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے اپنی مکروہ پالیسی کا کھلے عام اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارت کے تمام مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔ سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع کے بیان سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے خطرناک عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں رہی کہ کشمیریوں کے قتل عام کے حوالے سے بھارتیہ جنتا پارٹی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان ایک معاہدہ ہو چکا ہے ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ جموں کے علاقے میں بھارتی فوج کی حمایت یافیہ ویلیج ڈیفنس کمیٹیاں پہلے ہی بے گناہ لوگوں کے قتل میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھی بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے مذموم منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے جو نہ صرف جموں وکشمیر سے مسلمانوں کا صفایا کرنے کا دیرینہ منصوبہ رکھتی ہے بلکہ سارے بھارت سے”گھر واپسی“ کے نام پر مسلمانوں کو جبراً اسلام سے دستبردار کروانے کے ایک واضح پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے ۔

جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت اپنے ان مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی وزیر کے خطرناک بیان کا موثر نوٹس لیں۔ ادھر نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھی بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں دوبارہ سے اخوانی کلچر لانے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع نے جس طرح کا بیان دیا ہے وہ انکے غرور کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر دفاع سے کہا کہ وہ اس طرح کے کسی بھی اقدام سے باز رہے ورنہ اسکے سنگین نتائج نکلیں گے۔

متعلقہ عنوان :