مقبوضہ کشمیر، یاسین ملک ساتھیوں سمیت پلوامہ سے گرفتار

پیر 25 مئی 2015 18:22

سرینگر۔ 25مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ساتھیوں سمیت پلوامہ سے گرفتار کر کے کاک پورہ پولیس اسٹیشن میں نظربند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یاسین ملک ،شیخ عبدالرشید ، شوکت احمد بخشی ، بشیر کشمیری اور جاوید احمد کے ساتھ تحریک آزادی کے ساتھ کشمیریوں عوام کی وابستگی کے سلسلے میں عوامی مہم ”جہد مسلسل “شروع کرنے کیلئے پلوامہ کے علاقہ کاکہ پورہ جارہے تھے تاہم پولیس نہیں انہیں گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا۔

اس موقع پر یاسین ملک نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہاکہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید آر ایس ایس اور بی جے پی کے کشمیر مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھاتے ہوئے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ جاری جدوجہد آزادی میں ان کا ساتھ دیں تاکہ شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جا سکے۔