ریٹائرمنٹ سے قبل پاک سرزمین پر ٹیم کی قیادت کرنا چاہتا ہوں، مصباح الحق

پیر 25 مئی 2015 22:39

ریٹائرمنٹ سے قبل پاک سرزمین پر ٹیم کی قیادت کرنا چاہتا ہوں، مصباح الحق

اسلام آباد ۔ 25مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل ہوم گراؤنڈ پر ٹیم کی قیادت کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ زمبابوین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آیند ہے اس سے مزید ٹیموں کی بھی پاکستان آمد کا دروازہ کھلے گا۔ مصباح الحق نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ان کی شدید خواہش ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل پاک سرزمین پر کپتانی کے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد دوسری ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی اور یہاں ٹیسٹ سیریز کھیلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زمبابوے کرکٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے جس کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی۔ کپتان نے مزید کہا کہ ٹی 20 سیریز میں پاکستانی قوم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کرکٹ کو جنون کی حد تک چاہتے ہیں اور انہیں کرکٹ سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کی تعریف کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مزید اقدامات کرے تاکہ دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ ہموار ہو سکے۔