انٹرمیڈیٹ تک نصابی کتب کی فراہمی مکمل

بدھ 27 مئی 2015 16:20

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن نے تمام سبجیکٹس اور ٹائٹلز کی پہلی کلاس سے بارھویں کلاس تک کی ٹیکسٹ بکس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ازسر نو تیارکر کے3 ماہ کے ریکارڈ عرصے میں نصابی کتب کی سو فیصدفراہمی کا کام مکمل کرلیاہے۔ درسی کتب پر نظر ثانی کا منصوبہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کا تجویز کردہ تھا جنہوں نے بین الاقومی معیار کی حامل نصابی کتب کی تیاری کے لیے ، دیدہ زیب لے آؤٹ ، ڈیزائن ، بہترین پرنٹنگ ، دلکش طباعت اور جدید تکنیک کوبروئے کار لاتے ہوئے درسی کتب کی دوبارہ تیاری کا جامع منصوبہ شروع کیا۔

اس سلسلے میں ٹیکسٹ بکس کے ممتاز ماہرپروفیسر ڈاکٹر عطش درانی کی نگرانی میں بک ڈویلپمنٹ سیکشن قائم کیا گیاتھا جسے پہلے ہی مرحلے میں اول تا دہم جماعت کی درسی کتب کی اغلاط سے پاک کتب تیار کرنے کا ٹاسک دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے پانچ اہم نوعیت کی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا اور ٹیکسٹ بکس کے ماہرین ، اعلیٰ سطح کے نمائندوں،مصنفین اور دانشوروں نے ان ورکشاپس میں شرکت کی۔

پر مغز اور تفصیلی مباحثوں کے بعد ٹیکسٹ بکس کی دوبارہ تیاری ،اشاعت اور اسلام آباد کیپٹل ٹیر یٹری میں وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر اہتمام اداروں کے طلبہ و طالبات کو نصابی کتب کی بر وقت اور سو فیصد فراہمی کا کام پایہٴ تکمیل کوپہنچایا ۔ نئی ٹیکسٹ بکس کی پرنٹنگ کے سلسلے میں سابقہ بلوں کی ادائیگی میں بہت تاخیر کے باوجود 30اپریل تک کام مکمل کرنے کی حتمی تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔نیشنل بُک فاؤنڈیشن نے دن رات بغیر کسی وقفے کے یہ ہدف برق رفتاری سے پورا کر لیا ہے اور نصابی کتب کی 100فیصد فراہمی مکمل کر لی ہے۔