پھل کی مکھی کے تدارک کی مہم کا آغا ز15جون سے ہو گا

بدھ 27 مئی 2015 16:27

راولپنڈی ۔27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء )پنجاب اسمبلی میں زراعت کے پارلیمانی سیکرٹری رانا اعجاز احمد نون نے کہا ہے کہ آم کے پھل کی مکھی کے تدارک کی مہم کا آغا ز15جون سے ہو گا ۔مہم کے دوران باغبانوں کی رہنمائی کے لئے گاؤں، یونین کونسل، مرکز، تحصیل اور ضلع کی سطح پر فارمر ٹریننگ پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ صوبہ پنجاب سے آم کی برآمد کا حجم بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے سلسلہ میں آم کے باغات کے اضلاع کے تمام ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت اور ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت (توسیع )کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ آم کے باغبانوں کی تربیت کے شیڈول میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہر گز نہ برتیں۔ آم کے باغات والے اضلاع میں زراعت افسر (توسیع) مرکز ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت( توسیع) تحصیل کی سطح پر جبکہ ڈسٹرکٹ آفیسرز زراعت (توسیع ) ضلعی سطح پر آم کے باغات میں پھل کی مکھی کے تدارک کے سلسلہ میں تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے ذمہ دار ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین آم کے پھل کی مکھی کے تدارک کے لئے باغبانوں کو کلچرل، کیمیائی اور حیاتیاتی تینوں طریقوں سے رہنمائی و آگاہی دیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت آم کی فصل حساس مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے اور سندھ کا آم بھی مارکیٹ میں آ گیا ہے جس کی وجہ سے پکے ہوئے آم کے ساتھ آم کے پھل کی مکھی بھی ٹرانسپورٹ ہونے کے امکانات ہیں۔ جس کے تدارک کے لئے محکمہ زراعت پنجاب نے اپنی طے شدہ حکمت عملی کے تحت آگاہی مہم تیز کر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغات کے لئے غذائی عناصر سمیت مینجمنٹ کے دوسرے عوامل کے بارے میں آگاہی چھوٹے باغبانوں تک پہنچانا بہت ضروی ہے ۔