کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل کی برداشت بروقت کرنے کی ہدایت

بدھ 27 مئی 2015 16:27

راولپنڈی ۔27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء )محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ سورج مکھی کے کاشتکار فصل کی برداشت بروقت کریں ۔ ترجمان کے مطابق جب سورج مکھی کے پھولوں کی پشت سنہری ہو جائے، زرد پتیاں خشک ہو کر گر جائیں، سبز پتیوں کا تقریباً آدھا حصہ بھورا ہو جائے اور بیج پک کر سخت ہو جائیں تو فصل برداشت کیلئے تیار ہوتی ہے۔ اگر کمبائن ہارویسٹر میسر ہو تو درج بالا نشانیاں ظاہر ہونے کے 6-5 دن بعد کمبائن ہارویسٹر کی مدد سے فصل برداشت کرلیں ورنہ پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور 3 تا 6 دن خشک کریں۔

سورج مکھی کے سٹوں کو ڈھیر کی شکل میں نہ رکھیں کیونکہ اس سے فصل میں نمی زیادہ ہونے کے باعث اُلی اگ آتی ہے جس سے سورج مکھی کے بیج میں تیل کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سورج مکھی تھریشر سے بیج پھولوں سے علیحدہ کر لیں۔ اگر تھریشر کی سہولت میسر نہ ہو تو ترپال،دری یا صاف اور خشک جگہ پر ڈنڈوں کی مدد سے بیج نکال لیں بعد میں بیج کو چھاج یا صفائی کرنے والی مشین کے ذریعے اچھی طرح صاف کر لیں۔ سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں، سٹور کرنے کے لئے دانوں میں نمی کی مقدار 8 فیصد سے زائد نہیں ہونی چاہے۔جب دانہ دبانے سے ٹوٹنے لگے تو اس وقت نمی کی مقدار اتنی ہی ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ سورج مکھی کے دانوں میں کچرا 2 فیصد سے زیادہ نہ ہو ورنہ مارکیٹ میں قیمت کم ملے گی۔