خیبر پختونخواہ : بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری، پولنگ کا عمل شام 5 بجےتک جاری رہے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 30 مئی 2015 11:02

خیبر پختونخواہ : بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری، پولنگ کا ..

خیبر پختونخواہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 30 مئی 2015 ء) : خبیرپختونخوا میں دس سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جو بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک جاری رہے گا ۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کے 24اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے،انتخابات میں 41ہزار762 نشستوں پر 84 ہزار 420 امیدوارکے درمیان مقابلہ ہے۔

الیکشن کے دوران صوبے کے ایک کروڑ 31لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کرینگے،جن کیلئے 11ہزار 2سو 11پولنگ اسٹیشن قائم کردئیے گئے ہیں ۔نیبرہڈ اورولیج کونسلوں میں 6ہزار678خواتین نشستوں پر7ہزار681امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔جنرل نشستوں پرامیدواروں کی تعداد 39 ہزار 79 ہے ۔ مزدور، کسان کی 3ہزار339نشستوں پر15ہزار700امیدوارمیدان میں ہیں،یوتھ کی 3ہزار 339 نشستوں پر14ہزار224امیدوارمیں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اقلیتوں کی 3ہزار339نشستوں پرصرف 349امیدوارمیدان میں ہیں ، ضلعی کونسلوں کی 978 نشستوں کیلئے5ہزار480امیدوارمیں کانٹے کا مقابلہ ہوگا ،ٹاون اورتحصیل کونسلوں کی 978 نشستوں پر 5ہزار907 امیدواروں میں مقابلہ ہے ۔بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان 7 جون کو ہوگا۔خبیر پختونخوا کے جن 24اضلاع میں انتخابات جاری ہیں ،ان میں ضلع پشاور، ضلع ایبٹ آباد، ضلع بنوں، ضلع بٹ گرام ،ضلع بونیر، ضلع چارسدہ، ضلع چترال،ضلع ڈیرا اسماعیل خان ،ضلع ہنگو، ضلع ہری پور، ضلع کرک، ضلع کوہاٹ،ضلع لکی مروت ، ضلع لوئر دیر،ضلع مالاکنڈ، ضلع تورغر ،ضلع مانسہرہ، ضلع مردان، ضلع نوشہرہ، ضلع شانگلا ،ضلع صوابی، ضلع سوات، ضلع ٹانک اور ضلع دیر بالا بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :