پولنگ سٹیشنوں پر بد نظمی اور ہاتھا پائی کے واقعات کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے،پرویزخٹک

صوبائی حکومت نے انتخابات کو پرامن رکھنے کیلئے پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں کو الیکشن کمیشن کے حوالے کر رکھا تھا بلدیاتی انتخابات کے ذریعے صوبے کے عام لوگوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے کیلئے بااختیار بنانا پی ٹی آئی کا خواب تھا جو پورا ہو گیا نئی بلدیاتی حکومتوں کے قیام کیلئے صوبائی حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں ، آئندہ بجٹ میں مقامی حکومتوں کیلئے وعدے کے مطابق ترقیاتی وسائل مختص کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

ہفتہ 30 مئی 2015 21:46

پولنگ سٹیشنوں پر بد نظمی اور ہاتھا پائی کے واقعات کا ذمہ دار الیکشن ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک نے کہا ہے کہ پولنگ سٹیشنوں پر بد نظمی اور ہاتھا پائی کے واقعات کا ذمہ دار الیکشن کمیشن ہے کیونکہ صوبائی حکومت نے انتخابات کو پرامن رکھنے کیلئے پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں کو الیکشن کمیشن کے حوالے کر رکھا تھا تاہم اُنہوں نے کہا کہ انتخابات میں اُمیدواروں اور ووٹروں کا جوش و خروش اور بھر پور شرکت خوش آئند ہے پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات منعقد کر وا کے پاکستان تحریک انصاف کا عوام سے کیا ہوا ایک اور بڑا وعدہ پوراکر دیا ہے اور ان انتخابات کیلئے صوبے کے عوام اور خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد پر مشتمل اتحادی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات پر مذمت اور افسوس کا اظہار کیا جن میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہفتہ کے روز اپنے آبائی حلقہ میں ووٹ پول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ذریعے صوبے کے عام لوگوں کو اپنے مسائل خود حل کرنے کیلئے بااختیار بنانا پی ٹی آئی کا خواب تھا جو پورا ہو گیا پرویز خٹک نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں صوبائی حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار رہی ہے اور خود اُنہوں نے بھی صوبے کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی ہے حتی ٰ کہ اپنے بھائی کی الیکشن مہم میں بھی حصہ نہیں لیا اور نہ ہی انتخابی مہم کیلئے صوبے کے کسی حصے کا دورہ کیا ہے اور نہ ہی اس دوران ووٹروں پر اثر انداز ہونے کیلئے کوئی ترقیاتی اعلانات کئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جب انتخابی مہم اپنے عروج پر تھی تو وہ خود صوبائی بجٹ کی تیار ی میں مصروف تھے جس کیلئے اُنہوں گزشتہ 27 سے 29 مئی تک صبح سے شام تک اے ڈی پی کے طویل اجلاس منعقد کئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی پر اُنہیں خوشی ہے اور وہ انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والے تمام نمائندوں کا یکساں طور پر خیر مقدم کریں گے اُنہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے خیبرپختونخوا کی حکومت کیلئے بہت اہم ہوں گے کیونکہ انکے ذریعے گاؤں، قصبوں، شہروں اور ضلعوں کی سطح پر عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے پی ٹی آئی کے ایجنڈے کی تکمیل ہو گی اُنہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی اداروں کو ماضی کے مقابلے میں بھاری اختیارات حاصل ہونگے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی بلدیاتی حکومتوں کے قیام کیلئے صوبائی حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں اور آئندہ بجٹ میں مقامی حکومتوں کیلئے وعدے کے مطابق ترقیاتی وسائل مختص کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ کوئی نئی بات نہیں ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت پہلے بھی اعلان کر چکی ہے ۔