سندھ حکومت کی عدم توجہی کے باعث کراچی میں پانی کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرتا جا رہا ہے ، متعلقہ ادارے اس مسئلہ کے حل کیلئے ہنگامی ایکشن پلان کا اعلان کریں، سینیٹر نہال ہاشمی کی مسلم لیگ ہاوٴس کارساز میں پریس کانفرنس

ہفتہ 30 مئی 2015 22:13

کراچی ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی عدم توجہی کے باعث کراچی میں پانی کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرتا جا رہا ہے اور متعلقہ ادارے اس مسئلہ کے حل کے لئے ہنگامی ایکشن پلان کا اعلان کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ہاوٴس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما منور رضا ، راجہ سعید ، اسد عثمانی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ نہال ہاشمی نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا صنعتی اور معاشی مرکز ہے لیکن اس شہر کے عوام پانی کے بحران کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں اور شہر قائد میں تھر جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث یہ بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور ہائیڈرنٹ مافیا مہنگے داموں ٹینکر فروخت کرکے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں ۔

ایک جانب پانی کا مسئلہ اور دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ کے الیکٹرک واجبات کی وصولی کے لیے مہم تو چلا رہی ہے لیکن شہریوں کو بجلی فراہم کرنے کے بجائے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کر کے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک واجبات کی وصولی اور بجلی چوروں کے آپریشن کے نام پر شہریوں کو دھمکانے کا سلسلہ بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سندھ پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں پانی کے بحران کے مسئلے پر بھرپور آواز اٹھائے گی اور ہم اس حوالے سے وزیر اعظم سے بھی بات کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کیا جائے اور رمضان المبارک سے قبل پانی کی تقسیم کے نظام کو منصفانہ اور شفاف بنایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔