الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان

اتوار 31 مئی 2015 00:16

الیکشن کمیشن کا خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں تسلی بخش قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بلدیاتی انتخابات پر اظہار اطمینان اور تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ تھا تاہم سیکیورٹی کا چیلنج درپیش تھا جس میں الیکشن کمیشن کافی حد تک کامیاب بھی رہا جب کہ انتخابات کے حوالے سے کچھ شکایات بھی موصول ہوئیں جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبے بھر میں 11 ہزار 211 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے اور 7 کروڑبیلٹ پیرز چھاپے گئے جب کہ انتخابات میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 80 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں اورفوج کی 35 کمپنیز نے فرائض سرانجام دیئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹاف، سیکیورٹی اہلکار، پاک فوج، آراوز اور ڈی آراوز کا انتخابات کے لیے کردارقابل تعریف رہا جب کہ خیبرپختونخوا کی خواتین ووٹرزکا حق رائے دہی کیلئے نکلنا بھی قابل تحسین ہے۔