آلو سے بننے والی غذائی مصنوعات کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے،ماہرین

منگل 2 جون 2015 14:03

آلو سے بننے والی غذائی مصنوعات کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے،ماہرین

فیصل آباد ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ ملک بھر میں حالیہ عرصہ میں آلو کے زیر کاشت رقبہ میں زبر دست اضافہ ہو ا ہے کیونکہ نشاستہ ، منرلز اور پروٹینز کی بھر پور مقدار کے باعث جہاں خوراک کو متوازن بنانے میں آلو کا استعمال زیادہ ہوا ہے وہیں آلو سے بننے والی دیگر غذائی مصنوعات کی مانگ بھی کئی گنا بڑ ھ گئی ہے جس سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز بھاری منافع حاصل کر رہے ہیں ۔

انھوں نے بتایا کہ آلو دنیا کی ایک مشہور فصل ہونے کے ساتھ ساتھ مکمل غذ ا بھی ہے جسے نہ صرف چھوٹی عمر کے بچوں میں انتہائی مقبولیت حاصل ہے بلکہ اسے ہر خوراک کو متوازن بنانے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رب کائنات کے خاص فضل و کرم سے اب گرمی ، سردی ، بہار ، خزاں کے موسموں میں ملک میں سارا سال کہیں نہ کہیں آلو کی کاشت جاری رہتی ہے اور گذشتہ چند سالوں کے دوران آلو کے زیر کاشت رقبہ میں ہزاروں ایکڑ کا اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ معیاری بیج کی عدم دستیابی کے باعث کاشتکار مارکیٹ سے آلو کا جو بیج خرید رہے ہیں وہ مختلف بیماریوں کے باعث کم پیداوار فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلو کی فصل کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری بھی انتہائی اہم ہوتی ہے جس میں کھادوں کا متوازن استعمال بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکار محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کریں تو آلوکی مزید بہترین فصل حاصل کی جا سکتی ہے۔