نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے پھل کی بڑھوتری و معیار کیلئے اشد ضروری ہے ، ترجمان محکمہ زراعت

منگل 2 جون 2015 14:03

فیصل آباد ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدائت کی ہے ۔ایک ملاقات کے دورا ن انہوں نے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت ، نشو ونما ،پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میں نائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔