بی جے پی جموں میں مسلمانوں کاصفایاکرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ فورم گیلانی

منگل 2 جون 2015 20:08

سرینگر ۔ 02 جون اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے جموں ڈویژن میں مسلمانوں کی اراضی پر جبری قبضے پرشدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ فورم نے اس کارروائی کو کشمیر میں آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل درآمد کی واضح مثال قراردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بی جے پی جموں ڈویژن کو اپنامفتوحہ علاقہ سمجھتی ہے اور ہر ممکن طریقے سے علاقے کے مسلمانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔

فورم نے کہاکہ بی جے پی جموں میں مسلمانوں کا صفایا کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بعض مقامات پر مسلمانوں کی اراضی کو جنگل کی زمین قراردیدیا جاتا ہے توکہیں کوئی اور بہانہ بنا کرانہیں وہاں سے بے دخل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس صورتحال کی وجہ سے پورے جموں ڈویژن میں مسلمان شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔

حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش اور عبدالاحد پرہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہاہے کہ سنگھ پریوار نے مقبوضہ علاقے کے مسلمانوں کے خلاف ہر سمت سے خوفناک سازشیں شروع کر دی ہیں۔انہوں نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ جموں وکشمیرمیں آر ایس ایس کی مذموم سازشوں سے باخبر رہیں۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی نے سرینگر میں پارٹی کارکنوں کے ہمراہ گرفتاریاں پیش کرنے سے قبل کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر کے تشدد کو ہوا دے رہی ہے ۔

لبریشن فرنٹ کے رہنماء اور کارکن جاری جیل بھرومہم کے دوران گرفتاریاں دینے سے پہلے سرائے بالا سرینگر میں جمع ہوئے اور امیرا کدل پل کی طرف مارچ کیا ۔ گرفتاریاں پیش کرنے والوں کو سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے۔