پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا 1712واں اجلاس، فنانس کمیٹی اور اکیڈیمک کونسل کی سفارشات کی منظوری

منگل 2 جون 2015 22:32

لاہور ۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی سینڈیکیٹ کا 1712 واں اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اور اکیڈیمک کونسل کی تمام سفارشات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ٹی ٹی ایس اساتذہ کے سالانہ اضافے، کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور مشاہرے میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے مطالبے پر ہوسٹل وارڈنز اور سپرنٹنڈنٹ کے مشاہرے میں 20 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ سینڈیکیٹ کے اجلاس میں عدالت کے حکم پر شعبہ جغرافیہ کے برطرف استاد ڈاکٹر فاروق احمد اور لاء کالج کے لیکچرار ڈاکٹر نوید احمد کی بطور اسسٹنٹ پروفیسر تعینات نہ کرنے پر دونوں کو ذاتی شنوائی کا موقع دیا گیا دونوں کی ذاتی شنوائی کے بعد سینڈیکیٹ نے سابق فیصلوں کو بحال رکھنے کی توثیق کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 27 میں سے پہلے 20 ایجنڈا آئیٹمز پر بحث کی گئی۔ تاہم سینڈیکیٹ کے 4 ممبران کی دیگر مصروفیات اور وقت کی کمی کے باعث بقیہ ایجنڈا آئیٹمز کو جلد ہی آئندہ اجلاس طلب کرنے اور اس میں بحث کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاء کالج کے لیکچرار ڈاکٹر نوید نے اپنی شنوائی میں کہا کہ سلیکشن بورڈ میں ان کی جگہ ایل ایل بی کی ڈگری ہولڈر زرفشاں قیصر کو اسسٹنٹ پروفیسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ انہیں پی ایچ ڈی کے باوجود ترقی نہیں دی گئی۔

سینڈیکیٹ ممبران کے استفسار پر سینڈیکیٹ کو آگاہ کیا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قوانین کے مطابق ایل ایل بی ڈگری ہولڈر اسسٹنٹ پروفیسر بن سکتا ہے اور زرفشاں قیصر کی تعلیمی قابلیت کے نمبر ایل ایل بی کے ساتھ 45 میں سے 28 ہیں جبکہ ڈاکٹر نوید کے پی ایچ ڈی ہونے اور پی ایچ ڈی کی وجہ سے 10 اضافی نمبر ملنے کے باوجود 45 میں سے صرف30 نمبر بنتے ہیں جبکہ مضمون کے ماہرین میں ڈاکٹر دل محمد ملک اور ڈاکٹر خالد رانجھا شامل تھے۔ بریفنگ کے بعد سینڈیکیٹ نے سلیکشن بورڈ کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

متعلقہ عنوان :