Live Updates

عمران خان نے دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرانے کی پیشکش کرکے مخالفین کے منہ بند کردئیے ‘ عبدالعلیم خان

تمام جماعتیں مل کر بھی کے پی کے میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکیں ، اب تبدیلی ناگزیر ہے‘وفد سے گفتگو

بدھ 3 جون 2015 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جون۔2015ء ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے کے پی کے میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرانے کی پیشکش کرکے سیاسی مخالفین کے منہ بند کردئیے ہیں اور ثابت کردیا ہے کہ" سانچ کو کوئی آنچ نہیں "اگر نواز لیگ کے بھی دل میں چور نہ ہوتا تو اسے بھی عام انتخابات کے حوالے سے ایسا ہی موقف اختیا ر کرنا چاہیے تھا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ حقائق تو یہ ہیں کہ تمام جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکیں اور روائیتی طور پر دھاندلی کا الزام لگایا جارہا ہے جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی نواز لیگ محض جلتی پر تیل ڈالنے کے لیے بے سروپا الزامات لگارہی ہے ا ب اگر ان جماعتوں میں دم خم ہے تو عمران خان کی آفر قبول کریں عوامی مقبولیت پہلے بھی پی ٹی آئی کے ساتھ تھی اور دوبارہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی لاہور آفس میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک گیر تبدیلی ناگزیر ہے اور انشاء اﷲ کے پی کے کی طرح پنجاب اور سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی ۔دریں اثناء ایک اجلاس میں عبدالعلیم خان کو این اے 122اور پی پی 147میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے پارٹی کے فوکل پرسن شعیب صدیقی اور انیس علی ہاشمی ایڈووکیٹ نے بریفنگ دی اور نادرا کے یک طرفہ رویہ اور سپلیمنٹری رپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا،عبدلعلیم خان نے کہا کہ این اے 125کی طرح این اے 122میں بھی دھاندلی کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئیں گے جن کا عوام بے تابی سے انتظار کررہے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات