Live Updates

دوسالہ حکومتی کارکردگی کی طرح صدر کا خطاب بھی مایوس کن تھا‘ عبدالعلیم خان

عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہاہے، حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں‘ رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 4 جون 2015 17:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دو سالہ کارکردگی کی طرح صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب بھی مایوس کن تھاجس میں عام آدمی کی دلچسپی کیلئے کچھ بھی نہیں تھا بلکہ لگتا ہے کہ صدر مملکت نے ایوان وزیر اعظم سے لکھی آنے والی تقریر سُنادی ہے ۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ حقائق تو یہ ہیں کہ عوامی مسائل میں دن بدن اضافہ اور حکومتی پالیسیوں کے باعث غریب غریب تر ہورہا ہے عام آدمی کو پینے کا پانی تک میسر نہیں جبکہ حکمران سب اچھا کاراگ الاپ رہے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب بدامنی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں کسی کا جان و مال محفوظ نہیں ، کاش صدرمملکت کو یاد ہوتا کہ اسی جون میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے 17مردو خواتین کو ایک سال مکمل ہورہا ہے جن کے مجرموں کو سزا دینے کیلئے حکومت وقت نے کچھ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح نواز لیگ کی طرف سے ایبٹ آباد میں تحریک انصاف کے چار کارکنوں کی ہلاکت پر بھی کوئی آواز بلند نہیں ہوئی اگر جمہوری اور پارلیمانی نظام ہے تو اس کا عوام کو ہر گز کوئی فائدہ نہیں۔

دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور آفس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور شہر کے مختلف ٹاؤنز کے پارٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے بعض تجاویز پر بات چیت کی ۔ ایم پی اے میاں اسلم اقبال کے علاوہ شعیب صدیقی ، جمشید اقبال چیمہ ، خواجہ جلال محمود، خواجہ جمشید امام، فرخ جاوید مون اور شیخ عامر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات