آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مسئلہ کشمیر پر بر وقت ، مبنی بر حقیقت اور جراتمندانہ موقف اختیار کرکے کشمیری قوم کے دل جیت لئے ہیں‘وقت آ گیا ہے بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دو ٹوک بات کی جائے‘ پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی ہاتھ ہے‘ بلو چستان اور دیگر علاقوں میں بھارتی سر گرمیوں اور سبو تاژ کی کارروائیوں کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کئے جائیں‘ گلگت بلتستان کے عوام نے بزور طاقت ڈوگرہ فوج کر بھگا کر خطے کو آزاد کروایا ‘وہاں انتخابات کے انعقاد پر بھارتی اعتراض مستردکرتے ہیں‘ انتخابات کے جمہوری عمل پر انگلی اٹھانے سے بھارت کی جمہوریت کے ساتھ وابستگی اور دعوے بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں

صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان کاکشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 4 جون 2015 17:27

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے مسئلہ کشمیر پر بر وقت ، مبنی بر حقیقت اور جراتمندانہ موقف اختیار کرکے کشمیری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دو ٹوک بات کی جائے۔ پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی ہاتھ ہے۔

بلو چستان اور دیگر علاقوں میں بھارتی سر گرمیوں اور سبو تاژ کی کارروائیوں کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کئے جائیں۔ گلگت بلتستان کے عوام نے بزور طاقت ڈوگرہ فوج کر بھگا کر خطے کو آزاد کروایا وہاں انتخابات کے انعقاد پر بھارتی اعتراض مستردکرتے ہیں ۔ انتخابات کے جمہوری عمل پر انگلی اٹھانے سے بھارت کی جمہوریت کے ساتھ وابستگی اور دعوے بھی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں لیڈز میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ خدمت انسانیت کے حوالے سے بڑا کام کر رہا ہے۔ جہاں سینکڑوں یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور آزاد کشمیر میں کورٹ کا ادارہ مثالی کام کر رہا ہے۔ جہاں یتیم بچوں کو ہر سہولت میسر ہے۔

ان بچوں کو دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے۔ چوہدری اختر نے عیش و آرام کی زندگی ترک کر کے معصوم یتیم بچوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا جو ایک کٹھن کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا اور لا وارث بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کا صلہ تو اﷲ تعالیٰ ہی دے سکتے ہیں ۔ تاہم نیک نامی اور عزت و احترام دنیا میں بھی ملتا ہے۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف نے گذشتہ روز ڈیفنس کالج میں خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے اور بھارت پر واضح کر دیا کہ کشمیر او ر پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔

کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ ثقافتی ، معاشرتی، مذہبی ، خونی اور تاریخی رشتے ہیں۔ جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جھٹلا نہیں سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے تمام دریا کشمیر سے آتے ہیں اور کشمیر کے تمام قدرتی اور مختصر راستے اسے پاکستان سے ملاتے ہیں۔ اس لیے پاکستان کے ساتھ کشمیر کے الحاق کا فیصلہ دور اندیشی اور زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے قیام پاکستان سے قبل ہمارے بزرگوں نے 19دن قبل کر دیا تھا۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کی اور پاکستان ، چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام ہوش کے نا خن لیں بصور ت دیگر جنوبی ایشیاء میں ایٹمی جنگ کے شعلے بھڑک سکتے ہیں۔