سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے 9 طالب علم اور 4 فیکلٹی ارکان ”فیوچر لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام“ کے تحت برطانیہ روانہ

جمعہ 5 جون 2015 14:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون۔2015ء) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے 9 طالب علم اور 4 فیکلٹی ارکان برٹش کونسل پاکستان کے تعاون سے ”فیوچر لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام“ کے تحت جمعہ کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے برطانیہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر طالب علموں کے والدین اور سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ڈین اور چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی‘ پروفیسر ڈاکٹر رخسار احمد اور پروفیسر ڈاکٹر انجم بانو کاظمی بھی موجود تھے۔

اس طرح سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی پاکستان کی واحد سرکاری یونیورسٹی بن گئی ہے جس نے اپنے طالب علموں اور فیکلٹی رکان کو برٹش کونسل پاکستان کے تعاون سے برطانیہ ”فیوچر لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام“ کیلئے بھیجا ہے جن میں لرکے اور لڑکیاں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

برٹش کونسل کے ساتھ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے کئے گئے سمجھوتے کے تحت برٹش کونسل‘ سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور فیکلٹی کی اعلیٰ تعلیم اور تربیت میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے اور اسی سمجھوتے کے تحت ہی سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علم اور فیکلٹی ارکان کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ برطانیہ جاکر وہاں کی یونیورسٹیز کا دورہ کریں اور وہاں کے ممتاز تعلیم دانوں کے لیکچرز سنیں۔

برطانیہ جانے والے طالب علموں کا انتخاب خالص میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے جس عمل میں برٹش کونسل کی ٹیم بشمول برٹش کونسل کے سندھ اور بلوچستان کیلئے ڈائریکٹر روبن ڈیوس بھی شامل تھے۔ برطانیہ جانے والے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے طالب علم اور فیکلٹی ارکان بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سندھ مدرسہ کے بعد دوسری مادر علمی لنکنس ان کا بھی دورہ کریں گے۔

قائداعظم محمد علی جناح نے ساڑھے چار برسوں تک سندھ مدرسہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد قانون کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے لنکنس ان لنڈن میں داخلہ لیا تھا۔ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کامیاب طالب علموں کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے منتخب طالب علموں سے کہا کہ ان کی تربیت سے ان کی اپنی ذات کے ساتھ ان کی مادر علمی سندھ ومدرسہ یونیورسٹی اور ملک پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :