یوکرین میں 9 ہزار روسی فوجی موجود ہیں، صدر پیٹرو پوروشینکو

جمعہ 5 جون 2015 14:33

کیف۔ 05 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون۔2015ء) صدر پیٹرو پوروشینکو نے الزام لگایا ہے کہ یوکرین میں 9 ہزار سے زائد روسی فوجی موجود ہیں ۔ پورو شینکو نے روسی مسلح گروپوں کی طرف سے ایک بڑے فوجی آپریشن سے خبردار کیا ہے۔

(جاری ہے)

پوروشینکو نے اپنی صدارت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پارلیمانی خطاب میں کہا کہ یوکرین کی سرزمین پر 14 روسی ملٹری بٹالین موجود ہیں جو ایک نئے وسیع آپریشن کے امکانات کے حوالے سے ملک کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

تاہم روس نے اس بیان پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔فروری میں فائر بندی کے ایک معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد سے گزشتہ ہفتے روس نواز علیحدگی پسند باغیوں اور یوکرین کی ملٹری فورسز کے مابین ہونے والی مسلح جھڑپیں اب تک کی سب سے زیادہ ہلاکتوں کا سبب بنی ہیں۔