حقیقت میں کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں،جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا

جمعہ 5 جون 2015 21:52

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون۔2015ء ) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حالیہ بیان ’’کشمیر اور پاکستان ایک ہیں اورکشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ــــ‘‘کو وقت کی آوازقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی اورآزادی کی تحریک کو تقویت ملے گی ، حقیقت میں کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کھیتوں وکھلیانوں میں ہریالی کاانحصار بھی اﷲ تعالیٰ کے بعد کشمیر سے آنے والے پانی پر ہے ، یہی وجہ ہے کہ بھارت دہشت گردی کے ذریعے ایک طرف پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار تو دوسری طرف بین الاقوامی قوانین کے برعکس ڈیم بناکر آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ، اقتدار پرقبضہ کرنے والے سابق آمرمشرف نے غیروں کے آلہ کار بن کر اپنی غلط پالیسیوں سے کشمیر میں جاری آزادی کی تحریک کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ،جس کو قوم نہیں بھلا سکتی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرمی نیشنل ڈفنس یونیورسٹی کی تقریب میں خطاب کے دوران پاکستان اورکشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم قراردیکر نہ صرف پوری قوم کے دل کی آواز کی بات کی ہے بلکہ اس سے بھارتی فوج کے ظلم وبربریت کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان کا پرچم لہرانے اور جیوے جیوے پاکستان کا نعرہ لگانے والے کشمیری عوام کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ،تاہم اب ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ بیانات سے آگے بڑہ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوم کو بھارت کے چنگل سے آزادی دلانے کے لیے پاکستان کواپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔