راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو روٹ پر دفعہ 144کی خلاف ورزی ،72 افراد گرفتار ،مختلف تھانوں میں منتقل،بھاری جرمانے

جمعہ 5 جون 2015 23:40

راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو روٹ پر دفعہ 144کی خلاف ورزی ،72 افراد گرفتار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 جون۔2015ء) راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو روٹ پر دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر موٹر سائیکل سواروں سمیت 72 افراد کو گرفتار کر کے تھانوں میں منتقل کر دیا گیا اور انہیں بھاری جرمانے کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو میٹرو بس سروس کا باضابطہ آغاز ہوا تو اس موقع پر تمام اسٹیشنوں پر شہریوں کا رش رہا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے میٹرو پر سفر کیا جبکہ اس موقع پر کئی افراد جن میں موٹرسائیکل سوار، گاڑیوں والے اور پیدل افراد کی جانب سے میٹرو روٹ پر سے گزرنے کی پابندی کی خلاف ورزی بھی کی گئی، جس پر دونوں شہروں کی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 72 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں منتقل کر کے ان کو جرمانے بھی کئے، ان میں سب سے زیادہ جرمانہ 40ہزار روپے کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میٹرو بس روٹ پر دفعہ 144نافذ کر ے شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ میٹرو روٹ سے نہ گزریں ، انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ میٹرو بس روٹ پر نہ تو موٹرسائیکل لائیں اور نہ ہی گاڑیاں اور نہ ہی وہاں سے پیدل گزریں کیونکہ یہ کسی بڑے حادثے کا سبب ہو سکتا ہے، دوسری جانب شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو روکنے کیلئے لگائی گئی رکاوٹیں انتہائی کم ہیں ان میں اضافہ کیا جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیئرمین سی ڈی اے اس حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے اقدامات اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :