بھارت امریکہ سے تقریباً ڈھائی کھرب روپے کے 22اپاچی اور 15چینوک ہیلی کاپٹر حاصل کریگا

پیر 8 جون 2015 14:13

بھارت امریکہ سے تقریباً ڈھائی کھرب روپے کے 22اپاچی اور 15چینوک ہیلی کاپٹر ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء) بھارت امریکہ سے تقریباً ڈھائی کھرب روپے کے 22اپاچی اور 15چینوک ہیلی کاپٹر حاصل کریگا، معاہدہ حتمی مراحل میں ہے اور وزارت دفاع نے سودے کی منظوری دے دی ہے۔ بھارتی اخبار’ٹائمز ا?ف انڈیا‘ کے مطابق بھارتی حکومت جلد ہی ایک معاہدے کی منظوری دینے والی ہے، جس کے تحت بھارت امریکی ایوی ایشن کمپنی بوئنگ سے 2عشاریہ 5ارب ڈالر مالیت کے22 حملہ آور اپاچی ہیلی کاپٹر اور 15چینوک ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹر حاصل کریگا معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے۔

دفاع کے ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے گزشتہ ہفتے سودے کی منظوری دیدی ہے اور اب اسے سیکورٹی سے متعلق کابینہ کمیٹی میں زیر بحث لایا جائیگا بوئنگ کی طرف سے قیمت کی توسیع کی مدت اس ماہ ختم ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

دفاعی شعبے کے حکام امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کے دورہ بھارت کے دوران اس معاہدے پر دستخط کی توقع کررہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اپاچی اور چینوک کا سودا کارٹر کے دورے کے وسیع تر ایجنڈے سے علیحدہ تھا اور یہ سودا جلد ہی مکمل ہو جائیگا امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ بوئنگ نے اپریل میں مزید 3ماہ کے لیے ان کی طرف سے قیمت کی موزونیت میں توسیع کر دی تھی 31 مارچ کو ختم ہونے والی مدت کی توسیع کی درخواست بھارتی وزارت دفاع نے کی تھی۔

فروری میں امریکی فرم نے بھارت کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ اس معاہدے کو حتمی شکل نہیں دیتا، تو وہ دی گئی قیمت میں اضافہ کردے گا۔ امریکی کمپنیوں نے بھارت سے گزشتہ دہائی میں 10ارب ڈالر مالیت کی دفاعی معاہدے کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :