اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور دیگر انسانی حقوق کے علمبردار وں کی برما میں مظالم پر خاموشی عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے

ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی محترمہ شاہین کوثر ڈارکا بیان

پیر 8 جون 2015 16:46

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جون۔2015ء) اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور دیگر انسانی حقوق کے علمبردار وں کی برما میں ہونے والے مظالم پر خاموشی عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ عالمی طاقتوں نے اقوام متحدہ کو کھلونا بنایا ہو اہے جہاں پر عالمی طاقتوں کے اپنے مفادات ہوتے ہیں وہاں پر فوراً ایکشن لیا جاتا ہے لیکن اگر مسلمانوں پر ظلم و ستم ہو رہاہو تو وہ اُسے نظر انداز کر دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی محترمہ شاہین کوثر ڈارنے اپنے ایک بیان میں کیا ہے انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ برما میں ہونے والے مظالم پر ایک خصوصی ٹیم بھیجے تاکہ وہاں پر ہونے والے مظالم کو منظر عام پر لا کر بے نقاب کرے ۔عالمی برادری لادین قوتوں کی طرف سے برما سمیت کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے ناحق خون کے ایک ایک قطرے کا حساب مسلمہ اُمہ کو دے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندؤں کی آباد کاری کو فوراًرکا جائے اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ اپنی دو غلی پالیسی سے باہر آ کر برما میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔