آزادکشمیرکا حالیہ بجٹ کو عوامی امنگوں کے مطابق ہوگا ، خطہ تعمیر وترقی کے نئے دور میں داخل ہو گا،چوہدری عبدالمجید

بجٹ میں شعبہ تعلیم کو فوکس کیا گیا ،پڑھا لکھا ،ترقی یافتہ کشمیر ہمارا ماٹو ہے ، آزادکشمیر کو ایجوکیشن سٹیٹ میں بدل دیں گے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی تعلیم کی جدید سہولتیں فراہم کریں گے ،آزادکشمیر میں جدید تعلیم کے ذریعے انقلاب لائیں گے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

پیر 8 جون 2015 17:54

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیرکا حالیہ بجٹ کو عوامی امنگوں کے مطابق ہوگا آزادکشمیر تعمیر وترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا بالخصوص آزادکشمیر کے پسماندہ دیہات میں شہر جیسی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ آزادکشمیر کے حالیہ بجٹ میں شعبہ تعلیم کو فوکس کیا گیا ہے۔

پڑھا لکھا اور ترقی یافتہ کشمیر ہمارا ماٹو ہے شعبہ تعلیم پر بجٹ کا ایک تہائی حصہ خرچ کیا جارہا ہے۔ آزادکشمیر کو ایجوکیشن اسٹیٹ میں بدل دیں گے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی تعلیم کی جدید سہولتیں فراہم کریں گے آزادکشمیر میں جدید تعلیم کے ذریعے انقلاب لائیں گے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیرہائیر ایجوکیشن مطلوب انقلابی اور پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزادکشمیر میں معیاری اور بامقصد نظام تعلیم کو فروغ دیا جارہا ہے ایسی تعلیمی پالیسی نافذ کی جارہی ہے جس سے شعبہ تعلیم جدید خطوط پر استوار ہوگا اور خطہ ایجوکیشن اسٹیٹ میں تبدیل ہوگا۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے میڈیکل کالجز ،جدید یونیورسٹیاں،کیڈٹ کالجز قائم کیے ۔

مظفرآباد میں 16 سال سے بند کیڈٹ کالج چھتر کلاس کا کام دوبارہ شروع کروایا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر جنوبی مشرقی ایشیا میں امن کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے اور بار بار اس کے تلخ بیانات سے گھناؤنے عزائم سامنے آرہے ہیں۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے اور بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ یہاں پر امن کو ثبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزادخطہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے آر پار کی قیادت کی مشاورت اور جامع حکمت عملی سے تحریک آزادی کو اجاگر کیا جارہا ہے۔آزاد کشمیر میں قائم کوآرڈینیشن سیل کو مزید متحرک کیا جارہا ہے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو پوری قوت سے اٹھا رہے ہیں اور ہر بین الاقوامی فورم کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے کشمیریوں کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلوائیں گئے ۔

پیپلزپارٹی کی حکومت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ایسے سائنٹفیک اقدامات کیے جس سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی بند کروائے۔

متعلقہ عنوان :