کشمیریوں کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے،محمد طاہر کھوکھر

بدھ 10 جون 2015 16:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) کشمیریوں کی خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے،ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ کشمیر میں جاری بربریت اور مودی کے پاکستان کے خلاف منفی بیانات کا نوٹس لے۔

خطے میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،کشمیر کا مسئلہ حل کیا جانا ناگزیر ہے۔ کشمیری قوم بھارت کے ظلم و جبر کا شکار ہے۔ بھارت نے ناجائز طور پر بھارتی فورس کشمیر پر مسلط کی ہوئی ہے جو کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہی ہے ۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ مودی اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے خطے میں بدامنی پھیلا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے بیچ دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی ہے مگر مودی اس میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم اور سیاستدان اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے پاکستان پر بلا جواز تنقید کر رہے ہیں ۔عالمی برادری پاکستان میں بھارتی مداخلت اور بلاجواز تنقید کا نوٹس لے۔ بھارت سرکار اندھی ہو چکی ہے جو کہ خطے میں قیام امن کے عمل کو سبوثارکر رہی ہے۔ ہم بھارت کو واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر ی بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ بھارت کی پاکستان اور کشمیر میں دراندازی اور مداخلت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

او آئی سی ،اقوام عالم پاکستان میں بھارتی مداخلت اور کشمیر میں بھارتی دہشتگردی فی الفور بند کروائے۔ کشمیری قوم پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔بھار ت ہوش کے ناخن لے پاکستان مخالف پروپیگنڈے اور پاکستان میں مداخلت سے گریز کرے ورنہ اس کا انجام برا ہو گا ۔جو بھارت کشمیری نہتے عوام پر ریاستی دہشتگردی کے نام پر کشمیری قوم پر ظلم کر رہا ہو، بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر رہا ہو وہ بھارت بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کر کے اپنا اصل چہرہ چھپا نہیں سکتا ہے ۔مودی کے بنگلہ دیش میں پاکستان کے خلاف منفی بیان سے پاکستانی موقف کی تائید اور بھارت کا اصل چہرہ سامنے آگیاہے۔

متعلقہ عنوان :