علمی ‘ادبی اور فلاحی تنظیم العلم کے قیام کے موقع پر روحانی محفل کا انعقاد

بدھ 10 جون 2015 16:54

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) علمی ،ادبی اور فلاحی تنظیم العلم کے قیام کے موقع پر تنظیم کے آرگنائزر راجہ نسیم کی طرف سے مقامی ہوٹل میں ایک روحانی محفل کا انعقاد،دوست احباب کی شرکت،تفصیلات کے مطابق معروف علمی و ادبی شخصیت راجہ نسیم کی طرف سے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کے متعدد دوست احباب نے شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی میرپور سے آئے ہوئے مشہور شاعر مظہرجاوید حسن تھے جبکہ تقریب کی صدارت پروفیسر حلیم بٹ نے کی ،تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت صدر محفل پروفیسر حلیم بٹ نے حاصل کی،اس کے بعد صحافی طارق لون نے ہدیہ ء نعت پیش کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ نسیم نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے جس میں کسی قسم کی دہشت گردی کا کوئی تصور موجود نہیں، پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ منسلک کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، دوران خطاب راجہ نسیم نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے چند ایسے واقعات ،حالات اور تجربات کا بھی تذکرہ کیا جو معاشرے کی بہتری کے لیے مشعل راہ ہیں ،راجہ نسیم نے کہا کہ میں نے 1992میں راجپوت ویلفیئر ٹرسٹ کے نام سے آرگنائزیشن قائم کی جو پاکستان و آزاد کشمیر میں نجی سطح پر پہلی فلاحی تنظیم تھی، آج متعدد فلاحی تنظیمیں قائم ہیں لیکن ان میں سے اکثر تو محض اپنی فلاح کے لیے کام کر رہی ہیں لیکن بعض اچھا کام بھی کر رہی ہیں،صدر تقریب اور مہمان خصوصی کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی اپنے اپنے خطاب میں سیرت نبی پاکﷺ اور اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے دنیا کویہ باور کرایا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے، آخر میں راجہ نسیم نے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے ایک اہم اعلان کیا کہ ان کے پاس ایک ایسا اسم ہے جس کے ذریعے کسی بھی قسم کی پریشانی اور بیماری کا علاج انشاء اللہ ممکن ہے اور وہ ہر قسم کی بیماری و پریشانی کا علاج فی سبیل اللہ کرنے کے لیے میری خدمات ہمہ وقت حاضر ہیں۔