”اقتصادی راہداری منصوبہ“ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے حکومتی و اپوزیشن اراکین کے نام مانگ لئے گئے

کمیٹی 21 ارکان پر مشتمل ہوگی،دونوں ایوانوں سے 11 حکومتی اور 10 ارکان اپوزیشن سے لئے جائیں گے،خورشید شاہ نے قومی اسمبلی سے 6 اراکین کے نام بھجوا دیئے،ذرائع

بدھ 10 جون 2015 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کیلئے قومی اسمبلی و سینیٹ میں حکومت اور اپوزیشن اراکین کے نام مانگ لئے ہیں،پارلیمانی کمیٹی 21 ارکان پر مشتمل ہوگی۔اپوزیشن لیڈر خورشید نے 6 نام بھجوا دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظا ت دور کر نے اور منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے 21 اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

پارلیمانی کمیٹی میں 14 اراکین قومی اسمبلی اور7 اراکین سینیٹ سے لئے جائیں گے۔جس میں قومی اسمبلی سے 8 اراکین حکومتی اور 6 اراکین اپوزیشن سے ہوں گے جبکہ سینیٹ سے 3 اراکین حکومتی اور 4 اراکین اپوزیشن سے لئے جائیں گے،اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے قومی اسمبلی و سینیٹ میں حکومتی اور اپوزیشن سے پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہونے والے اراکین کے حتمی نام مانگ لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہونے والے 6 نام فائل کر کے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھجوا دیئے ہیں ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہونے والوں میں پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی،شازیہ مری ،پیپلز پارٹی (شیر پاؤ ) کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ،ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی،اے این پی کے امیر حیدر ہوتی اور تحریک انصاف سے اسد عمر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سینیٹ میں اراکین کے نام فائنل نہیں کئے۔دوسری جانب حکومت نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے مختلف ناموں پر غوروغوض شروع کر دیاہے اور اس حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کیا جائیگا