Live Updates

رقم کے لین دین کے تنازعہ میں تحریک انصاف اور ڈی جے بٹ میں ٹھن گئی،ڈی جے بٹ کا بل 4 کروڑ سے زائد تھا 5 کروڑ 90 لاکھ ادا کئے گئے ‘ ڈی جے بٹ 15 روز میں ڈیڑھ کروڑ رقم واپس کریں ورنہ عدالت جانے کیلئے تیار ہو جائے ‘ علیم خان ،علیم خان پی ٹی آئی کے بڑے رہنماء ہیں ، تحریک انصاف کی طرف سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ، عمران خان کا ٹائیگر ہوں اور رہوں گا ، کور کمیٹی کے اجلاس میں ادائیگیوں پر بات ہوگی ‘ ڈی جے بٹ کا موقف۔ تفصیلی خبر

اتوار 12 جولائی 2015 23:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف اور ڈی جے بٹ میں ٹھن گئی ، پی ٹی آئی کے رہنماء علیم خان نے کہا ہے کہ ڈی جے بٹ کا بل 4 کروڑ سے زائد تھا تاہم ادا 5 کروڑ 90 لاکھ کیا ہے ، ڈی جے بٹ 15 روز میں ڈیڑھ کروڑ رقم واپس کریں ورنہ عدالت جانے کیلئے تیار ہو جائے ، ڈی جے بٹ نے کہا کہ علیم خان پی ٹی آئی کے بڑے رہنماء ہیں ، تحریک انصاف کی طرف سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ، عمران خان کا ٹائیگر ہوں اور رہوں گا ، کور کمیٹی کے اجلاس میں ادائیگیوں پر بات ہوگی ۔

اتوار کو ذرائع کے مطابق ڈی جے بٹ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے پی ٹی آئی کی بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ڈی جے بٹ کو 5 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کرچکے ہیں جبکہ ڈی جے کا اصل بل 4 کروڑ سے زائد کا ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے رہنماء علیم خان نے کہا کہ اگر ڈی جے بٹ نے ایک کروڑ 72 لاکھ روپے کی رقم واپس نہ کی تو قانونی کارروائی کریں گے ، ڈی جے بٹ کو نوٹس بھیج رہے ہیں کہ اگلے پندرہ روز میں رقم واپس نہ کی تو عدالت میں جائیں گے جس پر ڈی جے بٹ نے کہا کہ علیم خان تحریک انصاف کے ایک بڑے لیڈر ہیں میں تو ایک ادنیٰ سا سپیکر والا ہوں ، عمران خان کا ٹائیگر ہوں اور رہوں گا۔

علیم خان کی بات پر موقف نہیں دینا چاہتا ، کور کمیٹی کے اجلاس میں ادائیگیوں پر بات چیت ہوگی ۔ دوسری طرف ڈی جی بٹ کی طرف سے پی ٹی آئی کو بھجوائے جانیوالے رقم کے بل بھی منظر عام پر آگئے جس کے مطابق ڈی جے بٹ نے پی ٹی آئی کو مجموعی طور پر 10 کروڑ 53 لاکھ 17 ہزار تین سو روپے کا بل بھجوایا ، ڈی جے بٹ نے کھانے کی مد میں 38 لاکھ 39 ہزار اپنی سروسز کی مد میں 6 لاکھ 39 ہزار ، جنریٹر کی مد میں ایک کروڑ 11 لاکھ 4 ہزار روپے ، جنریٹرآپریٹر کی تنخواہ کی مد میں 12 لاکھ 91 ہزار ، ایس ایم ڈی سکرینز کا بل 75 لاکھ روپے ، ڈیزل کی مد میں 1 کروڑ 95 لاکھ سے زائد ، ساؤنڈ انجینئر کا بل 36 لاکھ 85 ہزار روپے ساؤنڈ اینڈ سپیکر رینٹ کی مد میں 2 کروڑ 99 لاکھ ، لائٹنگ کی مد میں 14 لاکھ ، ٹرکوں کے کرائے کی مد میں 19 لاکھ 50 ہزار روپے کے بل بھجوائے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈی جے بٹ نے کہا کہ بل بھیجنیکے بعد اڑھائی مہینوں تک کوئی رابطہ ہی نہیں کیا گیا ، تحریک انصاف کی طرف سے ابھی تک کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ۔ نوٹس موصول ہوا تو آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات