کراچی آپریشن کے باعث شہر میں 25سال بعد امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ،سینیٹر نہال ہاشمی

عوام برسوں بعد 14اگست کو پہلی مرتبہ امن ،سکون کی فضا میں بھرپور انداز میں جشن آزادی منائینگے،رہنما مسلم لیگ(ن)کی پریس کانفرنس

ہفتہ 1 اگست 2015 18:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے باعث شہر میں 25سال بعد امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور خوف کا جمود کا ٹوٹ گیا ہے ۔کراچی کے عوام برسوں بعد 14اگست کو پہلی مرتبہ امن اور سکون کی فضا میں بھرپور انداز میں جشن آزادی منائیں گے ۔مسلم لیگ (ن) کے تحت جشن آزادی کے حوالے سے 13اور 14اگست کی شب 12بجے مزار قائد پر تجدید عہد وفا کی تقریب منعقد ہوگی ۔

اس روز کراچی کے شہری عہد کریں گے کہ وہ ملک میں امن اور ترقی کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ملک کو فلاحی مملکت کو بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسد عثمانی ،ملک تاج ،عاشق گجر ،نثار شاہ ،اشتیاق احمد ،راجہ سعید اور دیگر بھی موجود تھے ۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور خصوصاً وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر سکیورٹی ادارے کراچی کی رونقوں کو بحال کرنے کے لیے بلاامتیاز آپریشن کررہے ہیں اور وفاقی حکومت کا یہ عہد ہے کہ کراچی میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے اور کرپشن میں ملوث وزراء کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے ۔

سندھ کابینہ میں صرف قلمدانوں کی تبدیلی سے کرپشن ختم نہیں ہوگی ۔کرپشن کے خاتمے کے لیے مربوط پالیسی اختیار کرنا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ادارے ایف آئی اے کو کرپشن کے خلاف ہر محکمے میں کارروائی کے اختیارات حاصل ہیں ۔سندھ حکومت کی جانب سے ایف آئی اے کو بھیجا جانے والا خط کرپشن میں جاری کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ۔

ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کرپشن کے خلاف کارروائی نہیں رکے گی ۔انہوں نے احتساب کے اداروں کی جانب سے کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے ۔سندھ حکومت کے عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آرہے ۔انہوں نے کہا کہ لانچوں کے ذریعہ منتقل کی جانے والی رقم کو بندوں کی مضبوطی کے لیے خرچ کیا جائے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور جلد بلدیاتی انتخابات کے لیے رابطہ مہم کا آغاز کردیا جائے گا ۔انہوں نے کراچی کے عوام اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ تجدید عہد وفا کی تقریب میں بھرپور شرکت کریں ۔تقریب کے بعد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔